Thursday, March 28, 2024
Homesliderکرسٹیانو رونالڈو اور ڈسٹن جانسن کورونا سے متاثر

کرسٹیانو رونالڈو اور ڈسٹن جانسن کورونا سے متاثر

- Advertisement -
- Advertisement -

میڈرڈ: فٹ بال کے معروف کھلاڑی اور پانچ مرتبہ کے بیلن ڈی اور ایوارڈ یافتہ کرسٹیانو رونالڈو اورگولف کی عالمی درجہ بندی میں پہلے مقام پر موجود ڈسٹن جانسن کورونا وائرس میں مبتلا ہو گئے ہیں۔ اس پیش رفت کے بعد یہ بحث بھی شروع ہو گئی ہے کہ بین الاقوامی سطح پر کھیل کتنے محفوظ ہیں۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق کرسٹیانو رونالڈو میں اس وبائی مرض کی کوئی علامات نہیں ہیں۔ وہ نیشنل لیگ ٹورنمنٹ میں سویڈن کے خلاف فٹ بال میچ میں اپنے ملک پرتگال کی نمائندگی کرنے والے تھے تاہم اب وہ اس میچ میں حصہ نہیں لیں گے ۔ آخری مرتبہ وہ گزشتہ اتوارکو فرانس کے خلاف میدان میں اترے تھے ۔ پرتگال کی قومی ٹیم کے کوچ فرنانڈو سانتوس نے میڈیا سے کہا ہے کہ انتظامیہ نے تمام قواعد و ضوابط کا خیال رکھا تھا تاہم پھر بھی رونالڈو اس وائرس کا شکار ہوگئے ۔ پرتگال اور فرانس کی ٹیم کے تمام ارکان کے ٹسٹ کروائے گئے اور کسی بھی دیگر کھلاڑی میں وائرس کی تشخیص نہیں ہوئی۔

دریں اثناءگولفر ڈسٹن جانسن کا کورونا ٹسٹ بھی مثبت آیا ہے ۔ نتیجتاً 36 سالہ جانسن اس ہفتے امریکی شہر لاس ویگاس میں ہونے والے سی جے کپ سے باہر ہو گئے ہیں۔ان دنوں چوٹی کے کھلاڑیوں کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے بعد اس بارے میں بحث شروع ہو گئی ہے کہ آیا کھلاڑیوں کو اپنی اپنی قومی ٹیموں کے نمائندگی کے لیے’بایو سکیور ببل چھوڑ کر جانا چاہیے یا نہیں۔ رونالڈو ان دنوں اطالوی کلب یوونٹس کا حصہ ہیں۔ اس کلب کے اور کئی فٹ بالر بھی اپنے اپنے ممالک کی ٹیموں کے میچوں میں شرکت کے لیے’بایو سکیور ببل چھوڑکر جا چکے ہیں۔ کلب حکام نے اس عمل کو پروٹوکول کی خلاف ورزی قرار دیا ہے ۔

تاہم انگلینڈ کی فٹ بال ٹیم کے مینیجر گیریتھ ساؤتھ گیٹ نے بین الاقوامی مقابلوں کے انعقاد اور ان میں کھلاڑیوں کی شرکت کا دفاع کیا ہے ۔ ان کے بقول اس وقت صورتحال کچھ ایسی ہے کہ قوانین واضح نہیں۔ان دنوں ہر ہفتے فیصلے کرنے ہوں گے ۔ ایسے میں کوئی جواز نہیں کہ دیگر کھیلوں کے مقابلے میں بین الاقوامی فٹ بال زیادہ خطرناک ہے ۔