بنگلور ۔ کرناٹک حکومت نے رمضان کے مہینے میں ریاست میں کورونا وائرس کے مریضوں کے بڑھتے ہوئے معاملات کے درمیان مساجد میں ہونے والی عبادات اور دیگر مصروفیات کے لئے کوویڈ 19 سے متعلق ہدایات جاری کردی ہیں جس میں عام نوعیت کی پابندیوں سے لیکر مساجد بند رکھنے جیسی سخت پابندیاں بھی شامل ہیں ۔حکام نے کہا کہ ہدایات کے مطابق رمضان کے دوران بڑے اجتماعات پر پابندی عائد رہے گی ، چہرے کے ماسک پہننے کو لازمی قرار دے دیا گیا ہے اور کنٹینمنٹ زون میں مساجد کو زون کے بہتر اور واضح ہونے تک بند رکھنا ہوگا۔
حکومت نے 60 سال سے زیادہ عمر کے لوگ ، حاملہ خواتین اور 10 سال سے کم عمر کے بچوں کو گھر پر رہنے کا مشورہ دیا جائے۔ کوویڈ 19 کے حفاظتی اصولوں پر عمل پیرا ہونے کے لئے حکومت نے لوگوں سے ہر وقت مناسب معاشرتی فاصلہ برقرار رکھنے کی ہدایت دی ہے ۔ پرہجوم مقامات ، سلام کرتے وقت جسمانی رابطے سے گریز کرنا ، تھوکنا اور ناک چھینکنا سختی سے ممنوع قرار دیا گیا ہے ۔کرناٹک حکومت کورونا وائرس کے پیش نظر مساجد میں رمضان کے مہینے کے سلسلے میں عبادات کی پابندی کے لئے رہنما اصول جاری کئے ہیں جس میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ کنٹیمننٹ زون میں موجود مسجدوں کو اس زون کی بہتر حالات کی نشاندہی کرنے تک بند رکھنا ہوگا ، بڑے اجتماع پر پابندی عائد ہے اور چہرے کے ماسک لازمی ہیں۔
یہاں اس بات کا تذکرہ بھی اہم ہےکہ اس وقت ہندوستان میں کورونا کے یومیہ نئے مریضوں کی تعداد 1.5 لاکھ سے بھی تجاوز کرچکی ہے اور بیشتر ریاستوں میں ہفتہ کے آخری ایام میں لاک ڈاؤن کے علاوہ رات کا کرفیو نافذ کردیا گیاہے ۔علاوہ ازیں سب سے زیادہ متاثرہ ریاست مہاراشٹرا ہے جبکہ ممبئی میں 144 دفعہ بھی نافذ کردیا گیا ہے۔