Thursday, April 24, 2025
Homesliderکرناٹک میں فرقہ وارانہ اور بدعنوان سیاسی پارٹیوں کے ذریعے ایس ڈی...

کرناٹک میں فرقہ وارانہ اور بدعنوان سیاسی پارٹیوں کے ذریعے ایس ڈی پی آئی کے خلاف جھوٹے پروپگینڈے کو عوام الناس مستر د کریں۔عبدالحنان

بنگلور: سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا ( ایس ڈی پی آئی ) کے کرناٹک شاخہ ریاستی جنر ل سکریٹری عبدالحنان نے اپنے جاری کردہ اخباری اعلامیہ میں حالیہ کرناٹک بنگلور میں فرقہ وارانہ فسادات میں ایس ڈی پی آئی کو نشانہ بنائے جانے اور جھوٹے پروپگینڈوں کے ذریعے پارٹی کو بدنام کئے جانے کے خلاف تفصیلی وضاحت اور حقائق پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بنگلور ڈی جے ہلی میں ہوئے فسادات کے پیچھے ایس ڈی پی آئی کا ہاتھ نہیں ہے۔ 11اگست 2020 ایک بدمعاش نے پیغمبراکرم ﷺ کی توہین کرتے ہوئے سوشیل میڈیا پر ایک اہانت آمیز پوسٹ کیا تھا۔ اس پوسٹ کو دیکھنے کے فورا بعد مقامی ایس ڈی پی آئی رہنما مزمل پاشاہ نے ڈی جے ہلی پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کی اور اس معاملے میں اسٹیشن کے اندر ہی پولیس افسران سے گفتگو کررہے تھے۔ اسی وقت تھانے کے باہر مشتعل لوگوں کا ہجوم جمع ہوگیا اور نعرے بازی شروع کردی تھی جس پر مزمل پاشاہ اور دیگر مقامی ایس ڈی پی آئی رہنماؤں نے لوگوں کو مطمئن کرنے اور پرسکون کرنے کیلئے سخت محنت کی۔
ریاست کے عوام نے اس کی ویڈیو تصاویر دیکھی ہیں۔ بعد میں سیاسی دباؤ میں آکر پولیس نے امن کی خاطر مسلسل کوشش کرنے والے ایس ڈی پی آئی رہنماؤں کو ہی بنگلور تشدد معاملے میں ملزمان کی فہرست میں شامل کرلیا ہے۔ اس کے علاوہ ایس ڈی پی آئی کے دفاتر تک کو پولیس کے ذریعے چھاپہ ماراگیا۔ پولیس کے چھاپہ مارنے کے بعد کچھ ذرائع ابلاغ نے ایس ڈی پی آئی دفتر میں مہلک ہتھیار دریافت ہونے کی جھوٹی خبریں بھی پھیلائی۔ بکاؤ میڈیا نے من مانی کہانی تیار کرکے ایس ڈی پی آئی کے خلاف جھوٹا پروپگینڈا چلایا۔ دراصل فسادات کے پیچھے ریاستی حکومت اور محکمہ پولیس کی مکمل ناکامی اجاگر ہورہی تھی۔ اس پر پردہ ڈالنے کیلئے اور صورتحال کا فائدہ اٹھانے کیلئے ایس ڈی پی ّآئی کو اس معاملے میں کھینچ لایا گیا تھا۔ ریاست میں بی جے پی حکومت برسر اقتدار ہے، پولیس اور مجسٹریٹ تفتیش جاری رہتے وقت ہی بی جے پی نے ‘حقائق جانچ’نامی ڈرامہ کرکے آ رایس ایس اور بی جے پی کے حمایت یافتہ لوگوں کے ذریعہ تیار کردہ رپورٹ میں فسادکی ذمہ داری ایس ڈی پی آئی پر ڈال دیا ہے۔ لہذا ہماری ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم ان تمام سازشوں کے پیچھے کے حقائق کو لوگوں کے سامنے رکھیں۔ایس ڈی پی آئی ریاستی جنرل سکریٹری عبدالحنان نے ایس ڈی پی آئی پارٹی کے مقاصد کا مختصر تعارف کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزاد بھارت کی حقیقی امنگوں کو پورا کرکے ایک ‘فلاحی ریاست’بنانے کیلئے ایک قابل اعتماد سیاسی پارٹی کی ہمارے ملک کو ضرورت ہے۔
ایس ڈی پی آئی (سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا)اس خلا کو قابلیت کے ساتھ پر کررہی ہے۔ کیونکہ ایس ڈی پی آئی کا مقصد ‘بھوک سے آزاد۔خوف سے آزاد ‘بھارت کی تعمیر اور ملک کے آئین کو مستحکم کرنا، حقیقی جمہوریت قائم کرنااور عام عوام کو سیاسی اختیارت سونپنا ہے۔ ایس ڈی پی آئی کو مسلسل بدنام کئے جانے پر عبدالحنان نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں کچھ ٹی وی اور پرنٹ میڈیا اور کچھ سیاسی پارٹیاں ایس ڈی پی آئی کے خلاف مسلسل غلط بیانی کرنا عام سی بات ہوگئی ہے۔ ان کا مقصد جھوٹ کا پلندہ باندھ کر من گھڑت کہانیوں کے ذریعہ ایس ڈی پی آئی کو بدنام کرنا ہے۔ مرکزی اور ریاستی بی جے پی حکومتیں ایس ڈی پی آئی پارٹی کو دبانے کی شدت سے کوشش کررہی ہے۔ ایس ڈی پی آئی کو نشانہ بنانے کی وجوہات کا ذکر کرتے ہوئے عبدالحنان نے کہا ہے کہ منووادی قوم پرستی کے ذریعہ ملک کے عوام میں نفرت، تشدد اور انتشار پھیلانے والے فسطائی سنگھ پریوار کے خلاف ملک بھر میں ایس ڈی پی آئی سمجھوتہ کئے بغیر مراحمت کرتی ہے۔ ایس ڈی پی آئی فسطائی قوتوں کے سماج دشمن ہتھکنڈوں اور سازشوں کو عوام کے سامنے ظاہر کرکے ناکام کرتی ہے۔ ایس ڈی پی آئی ملک کے عوام کو منظم کرتے ہوئے آئین اور جمہوریت سے آگاہ کرکے لوگوں کو ان کے حقوق کے حصول کیلئے ایک پلیٹ فارم مہیا کرتی ہے۔
آزادی کے بعد سے اقتدار میں بیٹھی بدعنوان، موروثی اور غیر اخلاقی، سیاسی قوتوں کے ہاتھوں میں موجود اقتدار کو عوام کو سونپنے کیلئے ایس ڈی پی آئی انتخابا ت لڑتی ہے۔ جس کی وجہ سے ایس ڈی پی آئی ملک بھر میں مرحلہ وار عوامی حمایت اور پر امید نتائج حاصل کررہی ہے۔ یہ ہمیں بدنام کرنے والی ووٹ بینک کی سیاسی پارٹیوں کو ہضم نہیں ہورہا ہے۔ ایس ڈی پی آئی پارٹی کی بڑھتی ہوئی عوامی مقبولیت اور پارٹی کے بڑھتے قدم کو دیکھ کر خاندانی موروثی سیاسی پارٹیوں میں خوف پیدا ہورہا ہے۔ ایس ڈی پی آئی استحصال کے شکار، مظلوم اور دبی کچلی قوموں کے حقوق، آزادی اور انصاف کیلئے ہمت و جرات کے ساتھ عوام دشمن حکومت اور طاقتوں کے خلاف ملک گیر جدوجہد کرنے والی پارٹی ہے۔ سماج کو مذہب کی بنیاد پر تقسیم کرکے ملک کی وحدت اور سا  لمیت کو درہم برہم کرنے والی فسطائی۔ کرناٹک میں فرقہ وارانہ اور نقلی سیکولر قوتوں کے خلاف ایس ڈی پی آئی کام کرتی ہے۔
ایس ڈی پی آئی احتجاج، ستیہ گرہ تحریک،مظاہرے وغیرہ کے ذریعے ناانصافی اور ظلم کے خلاف آواز بن کر عوام کا اعتماد حاصل کررہی ہے اور عوام میں خود اعتمادی پیدا کررہی ہے۔ اسی لئے ملک میں جڑ پکڑنے والی خود غرض، تقسیم پسند اور منووادی فسطائی طاقتوں کو ایس ڈی پی آئی کے نظریات اور سرگرمیاں برداشت نہیں ہورہی ہیں۔ لہذا جھوٹی اور فرضی کہانیوں کے ذریعے ایس ڈی پی آئی پارٹی کو بدنام کرنے اور سماج سے پارٹی کوالگ کرنے کیلئے وہ سخت کوشش کررہے ہیں۔ ایس ڈی پی آئی ملک کے عوام سے عاجزانہ طور پر اپیل کرتی ہے کہ وہ منووادی فسطائی۔ کرناٹک میں فرقہ وارانہ قوتوں اور بدعنوان سیاسی پارٹیوں کے ذریعہ کئے جانے والے جھوٹے پروپگینڈوں کو مستر د کریں اورحقائق کی بنیاد پر پارٹی کی حمایت کریں۔