Saturday, June 7, 2025
Homeاقتصادیاتکشمیر فیصلے کے بعد ہندوستان اور پاکستان میں سونے کی قیمت میں...

کشمیر فیصلے کے بعد ہندوستان اور پاکستان میں سونے کی قیمت میں اضافہ

- Advertisement -
- Advertisement -

 نئی دہلی ، کراچی ۔ کشمیر کا مسئلہ ہندوستان اور پاکستان کے لیے کئی برسوں کا دیرینہ اور پیچیدہ مسئلہ رہا ہے اور اب جبکہ بی جے پی حکومت نے آرٹیکل 370 برخاست کرتے ہوئے کشمیر کا موقف بدل دیا ہے جس کا اثر دونوں ممالک کے تعلقات پر بھی پڑھ رہا ہے لیکن حیران کن طور پر دونوں ممالک میں سونے کی قیمت میں اچانک اضافہ دیکھا گیا ہے اور اس میں بھی حیران کن امر یہ ہے کہ ہندوستان اور پاکستان میں ایک تولہ سونے کی قیمت میں 50 ہزار کا فرق ہے۔ جی ہاں! پاکستان کی بہ نسبت ہندوستان میں فی تولہ سونا تقریبا 50 ہزار روپئے کم میں دستاب ہے۔کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بعد ہندوستانی مارکٹ میں واضح تبدیلی ہوئی ہے اور ہندوستان بھر میں سونے کی 10 گرام کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح 38,350 روپے پر پہنچ گئی ہے اور ڈالر کے مقابلے میں روپیہ بھی کھسک رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ہندوستان بھر میں سونے کی قیمت میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، صرف ایک دن کے دوران ایک فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا تھا اور یہ اضافہ 6 سال کی بلند ترین سطح پر دیکھا گیا ۔ ہندوستانی مارکیٹ میں دس گرام سونے کی قیمت میں 580 روپے کا اضافہ دیکھا گیا جس کے بعد نئی قیمت 38,350 روپے کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔ ماہرین حیران ہیں کہ ہندوستان دنیا کا دوسرا بڑا ملک ہے جو سونے کو زیادہ خریدتا ہے۔ گزشتہ ماہ بھی حکومت نے سونے پر ڈیوٹی کو بڑھا دیا تھا تاہم اس کے بعد کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کیے جانے کے بعد معاشی ماہرین پریشان دکھائی دے رہے ہیں۔اسی طرح ہندوستان میں ڈالر نے بھی روپے کی قیمت کو متاثر کیا ہے۔ کاروباری ہفتے کے دوسرے دن روپے کی قدر میں کمی دیکھی گئی۔ مارکیٹ میں ڈالر کی اڑان سے روپیہ ہلکا ہوکررہ گیا ہے۔ ایک امریکی ڈالر 1 روپے 13 پیسے بڑھ کر 71.72 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔ گزشتہ روز بھی قیمت میں 99 پیسے اضافہ ہوا تھا جس کے بعد قیمت 70.59 روپے کی سطح پر پہنچ گئی تھی۔

علاوہ ازیں ہندوستان بھر میں اماراتی درہم کی قدر بھی بڑھ گئی ہے اور اب ایک اماراتی درہم 19.24 روپے کی سطح پر پہنچ گیا ہے۔ کشمیر پر ایک فیصلے کے بعد ہندوستانی کرنسی پانچ ماہ کی کم ترین سطح پر دیکھی گئی لیکن ماہرین کا دعویٰ ہے کہ یہ تبدیلی امریکہ اور چین کے درمیان تجارتی جنگ کا نتیجہ ہے۔مارکیٹ ذرائع کے مطابق کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کیے جانے بعد اور وادی میں کشیدہ صورتحال نے روپے کی قیمت میں تبدیلی پیدا کردی ہے اور سرمایہ کار پیسے مشغول کرنے کی بجائے دیکھو اورانتظارکروکی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔

دوسری جانب پاکستان بھر میں سونے کی قیمت میں مسلسل تیزی ریکارڈ کی جا رہی ہے، عالمی مارکیٹ میں سونا مہنگا ہونے کے بعد فی تولہ کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح 86,250 روپے پر پہنچ گئی ہے اور ہندوستان کی بہ نسبت پاکستان میں فی تولہ سونا کی قیمت 48,700 روپئے زیادہ ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان بھر میں کاروباری ہفتے کے تیسرے دن سونے کی قیمت میں اضافہ دیکھا گیا۔ عالمی منڈی میں سونے کی قیمت 32 ڈالر اضافے کے بعد 1495 ڈالر فی اونس ہو گئی۔ جس کے اثرات پاکستانی صرافہ مارکیٹوں میں بھی دیکھے گئے اور فی تولہ سونے کی قیمت میں بڑا اضافہ دیکھا گیا۔ڈیلرز کے مطابق فی تولہ سونے کی قیمت 1750 روپے اضافے کے بعد 86 ہزار 250 روپے کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔ اسی دوران 10 گرام سونے کی قیمت میں 1500 روپے کا اضافہ دیکھنے میں آیا جس کے بعد 10 گرام سونے کی قیمت 73 ہزار 945 روپے ہوگئی۔