جئے پور : کلراج مشرا نے پیر کو یہاں راج بھون میں منعقدہ ایک سادہ تقریب میں راجستھان کے نئے گورنر کے طور پرحلف لیا۔ہائی کورٹ کے چیف جسٹس رویندر ایس بھٹ نے انہیں حلف دلایا۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت،نائب وزیر اعلیٰ سچن پائلٹ،اسپیکر سی پی جوشی،سابق وزیر اعلیٰ وسوندھرا راجے و دیگر موجود تھے۔
مشرا نے اپنے دن کی شروعات ایک عام آدمی کی حیثیت سے کی،اور اپنی اہلیہ ستیا وتی مشرا کے ساتھ مندر کا دورہ کیا۔انہوں نے ریاست کی خوشحالی کے لئے دعا کی۔جب قومی نشان والی کار مشرا کو راج بھون لے جانے کے لئے نکلی،تو انہوں نے کا ر کے استعمال سے انکار کر دیااور کہا ”ہمیں لوگوں کی سہولت اور ان کی دیکھ بھال کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے پولیس سیکیوریٹی لینے سے بھی انکار کر دیا اور راج بھون کو ایک عام آدمی کی طرح گئے۔گورنر کی گاڑی کو جانے کے لئے کسی ٹریفک کو روکا نہیں گیا تھا۔
اتوار کی شام جئے پور پہنچنے پر مشراکو گہلوت،پائلٹ اور مئیر وشنو سورگیہ نے استقبال کیا۔ایر پورٹ ہینگرکے باہر انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔کلراج مشرا اس سے قبل ہماچل پردیش کے گورنر تھے۔انہوں نے کلیان سنگھ کی جگہ لی جن کی معیاد رواں ماہ کی شروعات میں ختم ہو گئی ہے۔