سڈنی۔ فاسٹ باؤلر پیٹ کمنز کی آسٹریلیا کے ٹسٹ کپتان کے طور پر تصدیق کر دی گئی، ٹم پین کے سیکسٹنگ اسکینڈل کے بعد رضاکارانہ طور پر استعفیٰ دینے کے ایک ہفتہ بعد فاسٹ بولر کو آسٹریلیائی ٹسٹ ٹیم کا کپتان بنادیا گیا ہے ۔ 2018میں سابق کپتان اسٹیو اسمتھ پر پابندی کے بعد اب 8 دسمبرکو برسبین کے گابا میں شروع ہونے والی ایشز سیریز سے قبل اسمتھ کو نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے ۔
کمنز اس سے قبل پین کی قیادت میں نائب کپتان کے فرائض انجام دے رہے تھے۔ 28 سالہ کمنز رے لنڈوال کے بعد آسٹریلیا کی مردوں کی ٹسٹ ٹیم کی قیادت کرنے والے پہلے ماہر فاسٹ باؤلر ہیں جنہوں نے 1956 میں ایک ہی میچ میں یہ کردار ادا کیا تھا۔علاوہ ازیں میڈیم پیس آل راؤنڈرزمونٹی نوبل اور جیک رائڈر نے 1900 کی دہائی کے اوائل میں ٹیم کی قیادت کی تھی ۔کپتان بنائے جانے کےبعد اظہار خیال کرتے ہوئے کمنز نے کہا میں اس کردار کو قبول کرنے پر فخر محسوس کر رہا ہوں بڑے ایشز میں ٹیم کی قیادت کرنا ایک اعزاز ہوگا ۔ مجھے امید ہے کہ میں وہی قیادت فراہم کر سکوں گا جو ٹم (پین) نے پچھلے کچھ سالوں میں گروپ کو دی ہے۔ کمنزاس وقت آئی سی سی ٹسٹ باؤلنگ کی درجہ بندی میں پہلے مقام پر موجود ہیں ۔
نئے کپتان نے مزید کہا کہ اسٹیو اسمتھ اور میں بطور کپتان اس اسکواڈ میں بہت سے سینئر کھلاڑی اور کچھ بہترین نوجوان باصلاحیت کھلاڑیوں کے ذریعے ہم ایک مضبوط ٹیم ہیں۔ یہ ایک غیر متوقع اعزاز ہے جس کے لیے میں بہت شکر گزار ہوں ۔علاوہ ازیں کرکٹ آسٹریلیا (سی اے) کے سربراہ نک ہاکلے نے کہا پیٹ کمنز ایک شاندار کھلاڑی اور کپتان ہیں۔ اس نے اپنے ساتھیوں اور کھیل کے ہر کونے سے اپنے رویے اور میدان میں اور باہر کامیابیوں کی وجہ سے بے پناہ عزت حاصل کی ہے اور امید ہے کہ وہ آسٹریلیائی ٹیم کے ایک بہتر کپتان ثابت ہوں گے ۔