Monday, June 9, 2025
Homeٹرینڈنگکورونا وائرس ، پارلیمنٹ سیشن ملتوی کرنے کا مطالبہ

کورونا وائرس ، پارلیمنٹ سیشن ملتوی کرنے کا مطالبہ

- Advertisement -
- Advertisement -

نئی دہلی۔ جان لیوا کورونا وائرس کے پھیلنے کے سبب راجیہ سبھا میں آج پارلیمنٹ کو احتیاطی اقدامات کے تحت ملتوی کرنے، تمام گیٹ پر تھرمل اسکریننگ کی شروعات کرنے اور عوام کو انفیکشن سے بچاؤکے لئے بڑے پیمانے پربیداری مہم چلانے کی مانگ کی۔

اے آئی اے ڈی ایم کے کے ایس آر بالاسبرامنیم نے وقفہ صفر کے تحت یہ معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ ملک میں کورونا وائرس کے معاملہ بڑھ رہے ہیں اور اس سے بچاؤکے لئے یہ ضروری ہے کہ ایک جگہ پر بڑی تعداد میں لوگ جمع نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں بڑی تعداد میں رکن اور عملے آ رہے ہیں۔ لوک سبھا میں اوسطا400 ارکان ، راجیہ سبھا میں200 اورمرکزی ہال میں اوسطا300 اراکین رہتے ہیں جس سے انفیکشن کے پھیلنے کاخدشہ برقراررہتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ضروری قانون سازی کے کام کاج اور بجٹ سے متعلق خانہ پوری کرنے کے بعد احتیاطی اقدام کے تحت پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کوملتوی کیا جانا چاہئے ۔ حالانکہ ان کی اس مانگ کی صرف ایک دو ارکان نے ہی حمایت کی۔

چیئرمین ایم ونکیا نائیڈو نے کہا کہ تمام ارکان اور لوگوں کو اس وائرس سے بچاؤکے اقدامات کرنے چاہئے اور متعلقہ ہدایات پر عمل کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو اس بارے میں پھیلائی جارہی افواہوں کے بارے میں وضاحت دے کر حالات کو واضح کرنا چاہئے ۔

سماج وادی پارٹی کے رام گوپال یادو نے کہا کہ ملک بھر سے لوگ پارلیمنٹ آ رہے ہیں اور اس وجہ سے کورونا وائرس سے بچاؤکے لئے پارلیمنٹ کے ہردروازے پر تھرمل اسکریننگ کا انتظام کیا جانا چاہئے ۔بیجو جنتا دل کے سسمت پاترا نے بینکوں کے اے ٹی ایم کو بھی وقتا فوقتا صاف کئے جانے کا معاملہ اٹھایا۔ انہوں نے ملک میں انفیکشن کی تشخیص کے لئے صلاحیت بڑھائے جانے کی مانگ کی۔

ترنمول کانگریس کے ڈیریک او برائن نے کہا کہ کورونا وائرس کو دیکھتے ہوئے سب کو سیاست سے اوپر اٹھ کر تعاون کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سے بچاؤکے اقدامات کو مقامی اور علاقائی زبانوں میں لوگوں تک پہنچایا جانا چاہئے ۔بی جے پی کی وکاس مھاتمے نے لوگوں سے افواہوں سے دور رہنے اور مذہبی مقامات میں بھیڑ بھاڑ سے بچنے کا مشورہ دیا۔