Wednesday, April 23, 2025
Homesliderکورونا ویکسین سال کے آخر تک تیار ہو جائے گی: ڈونلڈ ٹرمپ

کورونا ویکسین سال کے آخر تک تیار ہو جائے گی: ڈونلڈ ٹرمپ

- Advertisement -
- Advertisement -

نیویارک: امریکہ کے صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے ایک لاکھ امریکی ہلاک ہو سکتے ہیں۔ تاہم انہوں نے ویکیسن کے حوالے سے یقین دہانی کروائی کہ امریکی سائنسدان رواں سال کے آخر تک کورونا کی ویکسین تیار کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔خبر رساں ادارے کے مطابق صدر ٹرمپ نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ امریکہ سال کے آخر تک ویکسین تیار کر لے گا۔ ڈاکٹر انہیں ایسی کسی پیش قیاسی سے منع کریں گے لیکن وہ وہی کہیں گے جو وہ درست سمجھتے ہیں۔ٹرمپ نے لنکن میموریل میں منعقد ہونے والی ورچوول ٹاؤن ہال میٹنگ کے دوران کورونا پرسوالات کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ انہیں خوشی ہوگی اگر کوئی اور ملک امریکی محققین کو شکست دیتے ہوئے ویکسین تیار کرنے میں کامیاب ہو جائے۔

ٹاؤن ہال میٹنگ، جسے فاکس نیوز نے براہ راست نشر کیا  اس میں صدر ٹرمپ نے اپنی انتخابی مہم کا آغاز کیا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں اس بات کر پرواہ نہیں کہ کونسا ملک پہلے ویکسین  تیار کرنے میں کامیاب ہوتا ہے، وہ صرف ویکسین چاہتے ہیں جو وبا سے نمٹنے میں مؤثر ہو۔ٹرمپ سے جب ویکسین تیار کرنے کے مراحل کے دوران انسانوں پر کیے جانے والے تجربات کے حوالے سے سوال کیا گیا، تو انہوں نے کہا کہ جن پر ویکسین کا تجربہ کیا جاتا ہے وہ خود کو رضاکارانہ طور پر پیش کرتے ہیں اور وہ خطرات سے بھی باخبر ہوتے ہیں۔

ٹرمپ نے لاک ڈاؤن کے حوالے سے کہا کہ وہ ستمبر میں اسکول اور یونیورسٹیاں کھولنے پر زور دیں گے۔جان ہاپکنز کورونا ریسرچ سنٹر کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں امریکہ میں ہلاکتوں کی تعداد1450 ہوگئی ہے، جس کے بعد امریکہ میں اب تک 67 ہزار 682 افراد کورونا سے ہلاک ہو چکے ہیں۔دیگر ممالک کے مقابلے میں امریکہ میں کورونا سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔ امریکہ میں ایک لاکھ 80 ہزار افراد کورونا سے صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔

دوسری جانب یورپی ممالک کے سربراہان ویکسین کی تیاری کے لیے یورپی یونین کی جانب سے 7.5 بلین یورو اکھٹا کرنے کی مہم کی حمایت کر رہے ہیں۔ اٹلی، فرانس اور جرمنی کے سربراہان نے اس فنڈ کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔یورپی یونین کے مطابق اس فنڈ کے ذریعےسائنسدانوں، صنعتوں، حکومتوں، بین لاقوامی اداروں اور ماہرین صحت کے درمیان بے مثال تعاون کے ساتھ ویکسین کی تیاری کا آغاز کیا جائے گا۔

یورپی یونین نے خبردار کیا ہے کہ دنیا بھر میں ویکسین کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے اس سے زیادہ رقم درکار ہوگی۔

یورپی ممالک کے سربراہان نے  کہا ہے کہ اگر تمام ممالک کے تعاون کے ساتھ دنیا بھر کے لیے ویکسین تیار کرنے میں کامیاب ہوگئے تو یہ تمام انسانوں کی بھلائی کے لیے کیا جانے والا اکیسویں صدی کا انوکھا منصوبہ ہوگا۔