Wednesday, April 23, 2025
Homeبین الاقوامیکورونا ٹسٹ کےلئے سعودی عرب کا چین سے 995 ملین ریال کا...

کورونا ٹسٹ کےلئے سعودی عرب کا چین سے 995 ملین ریال کا معاہدہ

- Advertisement -
- Advertisement -

ریاض: سعودی عرب نے نئے کورونا وائرس کے 90 لاکھ ٹسٹ کے لیے چین سے 995 ملین ریال کا معاہدہ کیا ہے۔ شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے حکم پر یہ ٹھیکہ  دیا گیا ہے۔

چین اور سعودی عرب کے درمیان معاہدے پر سعودی کمپنی نبکو اور چینی کمپنی بی جی آئی نے دستخط کیے۔سعودی عرب کی جانب سے وزیر صحت ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ اور چین کی جانب سے سعودی عرب میں متعین چینی سفیر چینگ وینگ نے معاہدہ پر دستخط کیے۔

سعودی خبررساں ادارے کے مطابق ٹھیکے کے بموجب چین کورونا ٹسٹ کے 500 چینی ماہر اور ٹیکنیشن 6 بڑی ریجنل لیباریٹریاں اور تمام طبی سازوسامان مہیا کرے گا۔چینی ماہرین کو مملکت کے تمام علاقوں میں تعینات کیا جائے گا ۔ چین سے آنے والی لیباریٹریاں سعودی عرب کے ہر صوبے کو فراہم کی جائیں گی۔

چین سعودی عرب کو ایک موبائل لیباریٹری بھی فراہم کرے گا جس سے روزانہ 10 ہزار ٹسٹ کیے جاسکیں گے۔ چین سعودی شہریوں کو لیباریٹریوں میں کام کرنے اور کورونا ٹسٹ کی ٹریننگ دے گا۔

چینی ماہرین  وہ فیلڈ ٹسٹ اور یومیہ ٹسٹ سمیت تمام امور کی ٹریننگ دیں گے۔چین 8 مہینے تک لیباریٹریوں اور مشینوں کے موثر ہونے کی ضمانت  دے گا۔ چین کو دیے گئے ٹھیکے کے تحت سعودی عرب میں کورونا کے متعدد نمونوں کے جینیاتی نظام کا تجزیہ بھی چین کے ذمہ ہوگا۔

علاوہ ازیں مملکت میں دس لاکھ نمونے لے کر مزاحمتی نقشے کا تجزیہ بھی کیا جائے گا تاکہ کورونا کی وبا کے انسداد کے عمل کو منظم بنانے میں ریاستی سکیمیں موثر ثابت ہوسکیں۔سعودی عرب اور چین کے درمیان طے پانے والا معاہدہ نئے کورونا وائرس کے  حوالے سے پوری دنیا کا سب سے بڑا معاہدہ ہے۔

سعودی ٹسٹنگ کمپنی امریکہ، سوئٹزر لینڈ اور کوریا کی متعدد کمپنیوں سے متعدد ٹسٹنگ سسٹم خرید چکی ہے۔ سعودی عرب کا ہدف 14.22 ملین ٹسٹ کا ہے جس کی بدولت سعودی عرب کی چالیس فیصد آبادی کا کورونا ٹسٹ ہوجائے گا۔