آکلینڈ: نیوزی لینڈ میں کورونا وائرس کے نئے معاملات سامنے آنے کے بعد ملک بھر میں نرسنگ ہومز کو بند کر دیا گیا ہے۔خبر رساں ادارے کے مطابق چہارشنبہ سے نیوزی کے تمام نرسنگ ہومز کو بند کرنے کے فیصلے کا اعلان کیا گیا ہے اور وزیراعظم جیسنڈا ارڈن نے کہا ہے کہ وبا کا پھیلاؤ ان کو اگلے ماہ ہونے والے عام انتخابات ملتوی کرنے پر مجبور کر سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا ہےکہ حکام ان شہریوں کو تلاش کر رہے ہیں جن سے آکلینڈ کے ان چار رہائشیوں کا کسی بھی طرح رابطہ رہا ہو جن کا کورونا ٹسٹ مثبت آیا ہے۔واضح رہے کہ نیوزی لینڈ میں گزشتہ 102 دنوں کے دوران کورونا کا کوئی معاملہ رپورٹ نہیں ہوا تھا۔نیوزی لینڈ کے 15 لاکھ آبادی والے سب سے بڑے شہر آکلینڈ میں شہریوں کو چہارشنبہ کی دوپہر سے آئندہ تین دن کے لیے گھروں میں رہنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔
نیوزی لینڈ میں شہریوں نے سوپر مارکیٹس میں ہنگامی خریداری شروع کر دی ہے اور کورونا کے ٹسٹ کرانے والے مراکز پر بھی ہجوم لگ گیا ہے۔آکلینڈ میں ماسک پہنے پولیس عہدیداروں نے شہر کی بڑی شاہراؤں پر رکاوٹیں کھڑی کر دی ہیں تاکہ نئے اقدامات پر عمل کیا جا سکے۔وزیراعظم جیسنڈا آرڈن نے کہا کہ محکمہ صحت کے حکام عمر رسیدہ افراد کی دیکھ بھال کے لیے قائم کیئر ہومز کو بھی بند کر رہے ہیں کیونکہ ان کے ذریعے بھی وائرس کے پھیلاؤ کا خدشہ ہے۔جانتی ہوں کہ جن لوگوں کے پیارے ان کیئر ہومز میں ہیں ان کے لیے یہ بہت تکلیف دہ ہے لیکن ہم اس طرح ان کی حفاظت اور دیکھ بھال بہتر طریقے سے کر سکتے ہیں۔