نئی دہلی۔ ہندوستان کے سابق کپتان محمد اظہر الدین کا خیال ہے کہ نئے مقررکردہ ونڈے کپتان روہت شرما اور ویراٹ کوہلی کے درمیان معاملات ٹھیک نہیں ہیں کیونکہ جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں سابق کپتان ونڈے کا حصہ نہیں ہوں گے جبکہ روہت نے ٹسٹ سے دستبرداری اختیار کی ہے ۔انہوں نے کوہلی کے ونڈے سیریز سے وقفے کے وقت پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ان کی رخصت کا وقت بہتر ہوسکتا تھا۔
کرکٹر سے سیاست دان بنے اظہر الدین نے نشاندہی کی کہ ٹسٹ سیریز سے روہت کی غیر موجودگی اور اب ونڈے سیریز سے کوہلی کا وقفہ اسکواڈ میں دراڑ کے بارے میں غیر ضروری قیاس آرائیوں کا باعث بنے گا۔ کوہلی نے کہا ہے کہ وہ ونڈے سیریز کے لیے دستیاب نہیں ہیں اور روہت شرما آئندہ ٹسٹ کے لیے دستیاب نہیںہیں۔ اظہر الدین نے ٹویٹ کیا کہ وقفہ لینے میں کوئی حرج نہیں ہے لیکن وقت بہتر ہونا چاہیے۔لوک سبھا کے سابق رکن کا یہ تبصرہ اس وقت آیا جب کوہلی نے بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) سے جنوری میں اپنے خاندان کے ساتھ کچھ وقت گزارنے کے لیے وقفہ طلب کیا اور ونڈے سے دستبرادی اختیار کی ہے۔
ٹائمزآف انڈیاکی ایک رپورٹ کے مطابق، کوہلی ونڈے میچوں سے دستبردار ہونے جا رہے ہیں کیونکہ وہ اپنی بیٹی وامیکا کی پہلی سالگرہ منانے کے لیے وقت نکال رہے ہیں۔ وامیکا کی پیدائش گزشتہ سال 11 جنوری کو ہوئی تھی اور کوہلی ٹسٹ کے اختتام کے بعد اپنے خاندان کے ساتھ چھٹیاں منانے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔پچھلے سال جب وامیکا کی پیدائش ہوئی تھی، کوہلی ایڈیلیڈ میں آسٹریلیا میں پہلے ٹسٹ کے بعد پیٹرنٹی چھٹی پر چلے گئے تھے بعدازاںکپتان اجنکیا رہانے کی قیادت میں ٹیم نے آسٹریلیا کے خلاف تاریخی سیریز جیتی۔یاد رہے کہ جنوبی افریقہ دورے کا آخری ٹسٹ 11 جنوری کو شروع ہوگا اور 19 سے ونڈے میچز شروع ہوں گے اور سیریز کے لئے ونڈے سکواڈ کا اعلان ہونا باقی ہے۔