احمدآباد : ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی نے انکشاف کیا ہیکہ انگلینڈ کے 2014ءکے دورہ کے دوران وہ ذہنی دباؤکا شکار ہوچکے تھے اور انہیں ایسا محسوس ہورہا تھا کہ وہ دنیا میں اب تنہا رہ گئے ہیں۔ انگلینڈ کے سابق کھلاڑی مارک نیکولاس کے ساتھ ”ناٹ جسٹ کرکٹ“ پروگرام میں اظہارخیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہاں یہ سچ ہے کہ میں انگلینڈ کے 2014ءکے دورہ کے بعد شدید ذہنی دباؤمیں تھا۔
ہندوستانی کپتان نے یہ بھی کہا کہ ذہنی صحت اور اس کے مسائل کو نظرانداز نہیں کیا جانا چاہئے کیونکہ یہ کسی بھی انسان کے کریئر کو تباہ کرسکتی ہے۔ کوہلی کا دورہ انگلینڈ 2014ءانتہائی مایوس کن رہا تھا جہاں انہوں نے 1,8,25,0,39,28,0,7,6, اور 20 رنز 5 ٹسٹ مقابلوں میں اسکور کئے تھے۔ 10 اننگز میں انہوں نے 13.50 کی اوسط سے رنز بنائے جو کہ دنیا کے فی الحال سب سے بہترین بیٹسمینوں میں شمار کئے جانے والے کوہلی کا بدترین مظاہرہ تھا۔ انگلینڈ کے مایوس کن دورہ کے بعد آسٹریلیا کے دورہ پر انہوں نے شاندار فام حاصل کرتے ہوئے 692 رنز اسکور کئے تھے۔
کوہلی اس وقت احمدآباد میں ہیں جہاں وہ انگلینڈ کے خلاف 24 فروری کو شروع ہونے والے ڈے اینڈ نائیٹ ٹسٹ کی تیاری میں مصروف ہیں۔ یاد رہے ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان ہندوستان میں اس وقت چار ٹسٹ مقابلوں کی سیریز کھیلی جارہی ہے جس کے ابتدائی دو مقابلے چینائی میں کھیلے گئے جہاں پہلے مقابلہ میں انگلینڈ اور دوسرے مقابلہ میں ہندوستان نے کامیابی حاصل کرتے ہوئے سیریز کو 1-1 کے مساوی موقف میں لاکھڑا کیا ہے جبکہ سیریز کا تیسرا اور چوتھا ٹسٹ احمدآباد کے موتیرا اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جبکہ تیسرا مقابلہ ڈے نائیٹ ہے۔