میلبورن۔ آسٹریلیا کے سابق کپتان اسٹیون اسمتھ کا خیال ہے کہ ہندوستانی ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی کا ٹیم میں نہ ہونا ہندوستان کے لئے نقصان دہ ثابت ہوگا۔ کوہلی نے پہلے ٹسٹ کے بعد اپنے بچے کی پیدائش کے سبب وطن لوٹنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کی غیرموجودگی میں ٹیم کے نائب کپتان اجنکیا رہانے ٹیم کی کپتانی سنبھالیں گے لیکن اسمتھ کا خیال ہے کہ کوہلی کے نہ ہونے سے مہمان ٹیم کو نقصان ہوگا حالانکہ انہوں نے کوہلی کے ملک واپس جانے کے فیصلہ کی تعریف کی ۔
اسمتھ نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ ان کے اوپر آسٹریلیا دورہ پورا کرنے کا دباؤ ہوگا لیکن انہوں نے پہلے بچے کی پیدائش کی وجہ سے گھر جانے کا جو فیصلہ کیا ہے اس کی تعریف کی جانی چاہئے ۔ یہ اچھا ہے کہ وہ اپنے بچے کی پیدائش کے وقت وہاں موجود رہنا چاہتے ہیں۔پہلے ٹسٹ میں شکست کے بعد دیگر مقابلے سے پہلے کوہلی کا ٹیم میں نہ ہونا ہندوستان کے لئے بڑانقصان ہے چونکہ کوہلی نے پہلے ٹسٹ کی پہلی اننگز میں شاندار بیٹنگ کی تھی۔ میں نے پہلے بھی کہا تھا اور پھر سے کہہ رہا ہوں کہ ایسے وقت میں بھی اپنے فیصلے پر قائم رہنے کے لئے کوہلی کی تعریف کی جانی چاہئے ۔
آسٹریلیا نے ہندوستان کو پہلے ٹسٹ کی دوسری اننگز میں36 رنز پر ڈھیر کردیا اور 8 وکٹوں کی کامیابی حاصل کی تھی۔ یہ ہندوستانی ٹیم کا ٹسٹ کرکٹ میں اقل ترین اسکور کا ریکارڈ ہے۔آسٹریلیا کی ٹیم پہلی اننگز میں پیچھے ہونے کے باوجود مقابلہ جیتنے میں کامیاب رہی۔
اسمتھ نے کہا کھیل کے تیسرے دن فاسٹ بولروں نے جس طرح کی بولنگ کی وہ گزشتہ پانچ برسوں میں ہمارے بولروں کی سب سے بہترین تھی۔بولروں نے جس لینتھ میں بولنگ کی وہ بہترین تھی۔ کئی مرتبہ بولر کوشش کرتا ہے اور مثبت ہو کر بولنگ کرے اور اس دن بولروں نے ایسا ہی کیا۔
اسمتھ پہلے ٹسٹ ہی سے اپنے زخم سے پریشان ہیں اور انہوں نے ایڈیلیڈ میں پہلے ٹسٹ سے پہلے پریکٹس سیشن بھی درمیان میں چھوڑ دیا تھا اس خصوص میں انہوں نے کہا کہ ابھی بھی انہیں تھوڑی پریشانی ہے لیکن یہ ٹھیک ہوجائے گی۔
انہوں نے کہا کہ یہ ایسا ہے جسے مجھے جلد ٹھیک کرنا ہوگا۔ 2014 سے ہی میرے ساتھ یہ دقت ہورہی ہے ۔ اگر میں مسلسل چلتا ہوں تو ٹھیک رہتا ہوں لیکن زیادہ دیر بیٹھنے سے دقت ہوتی ہے ۔ میرے خیال سے جلد ہی یہ ٹھیک ہو جائے گا۔