کولکتہ۔ ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ کے ممکنہ نئے صدر اور سابق ہندوستانی کپتان سورو گنگولی نے کہا کہ ہندوستان ایک بہت اچھی ٹیم ہے لیکن اسے بڑے ٹورنمنٹ جیتنے ہوں گے۔ گنگولی نے ایڈن گارڈن میں بنگال کرکٹ اسوسی ایشن (سی اے بی) کے ہیڈ کوارٹر پر میڈیا سے کہا ہندوستان ایک بہت اچھی ٹیم ہے لیکن وہ ابھی تک کوہلی کی کپتانی میں عالمی ٹورنمنٹ نہیں جیت پائی ہے۔ میرا اتنا ہی کہنا ہے کہ کوہلی کی ٹیم کو بڑے ٹورنمنٹ جیتنے کی ضرورت ہے۔ میں یہ نہیں کہہ رہا ہوں کہ وہ ہر بار جیتیں کیونکہ یہ ممکن نہیں ہے لیکن ہم سات بڑے ٹورنامنٹوں میں خطاب نہیں جیت پائے ہیں۔
کوہلی کی ٹیم نے گھریلو سطح پر اپنا ایسا دبدبہ پیدا کیا ہے کہ اس کا موازنہ اسٹیو وا اور رکی پونٹنگ کی طاقتور آسٹریلیائی ٹیموں سے کیا جا رہا ہے اور ساتھ ہی وہ بیرون ملک کا دورہ کرنے والی بہترین ٹیموں میں سے ایک ہے لیکن مہندر سنگھ دھونی کی کپتانی میں 2013 کی چمپئنز ٹرافی جیتنے کے بعد سے ہندوستان کی سینئر مرد اور خاتون ٹیم میں سے کوئی بھی بڑا خطاب نہیں جیت پائی ہے۔
ہندوستان 2015 اور2019 کے ونڈے ورلڈ کپ اور ساتھ ہی 2016 کے ٹی 20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچا ہے جبکہ وہ 2014 کے ٹی 20 ورلڈ کپ اور 2017 کی چمپئنز ٹرافی میں رنر اپ رہا ہے۔ خواتین ٹیم 2017 ورلڈ کپ کے فائنل میں انگلینڈ سے ہاری تھی اور 2018 ٹی 20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں بھی انگلینڈ سے ہارگئی تھی۔ سابق کپتان گنگولی نے کہا ہندوستانی ٹیم دیگر ٹیموں کے مقابلے کہیں بہتر ہے لیکن اس کے بڑے ناک آؤٹ مقابلوں میں ذہنی مضبوطی دکھانی ہوگی۔ کوہلی کو اس مسئلے پر غور کرنا ہوگا اور یہ دیکھنا ہوگا کہ آگے ایسا نہ ہو۔
ٹیم میں کافی صلاحیت ہے ورنہ سیمی فائنل سے پہلے تک وہ اتنا اچھی کارکردگی نہیں کر پاتے۔ صدر کے عہدے کے لئے گنگولی واحد امیدوار ہیں اور 23 اکتوبر کو بی سی سی آئی کی عام اجلاس میں ان کے نئے صدر بننے کا اعلان کر دیا جائے گا۔