کویت سٹی: کویت نے آبادی کا توازن ٹھیک کرنے کے لیے 5 لاکھ 30 ہزار بیرونی ممالک کے افراد کو ملازمتوں سے برطرف کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکمت عملی تیار کرلی گئی اس پر عمل درآمد جلد کیا جائے گا۔کویتی خبررساں ادارے کونا کے مطابق وزیر سماجی و اقتصادی امور مریم العقیل نے پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس کے دوران آبادی میں توازن کی اصلاح سکیم کا جائزہ لیا ہے۔
کویتی میڈیا نے کہا کہ اس فیصلے پر عمل درآمد کی شروعات غیرقانونی طور پر مقیم غیرملکیوں کی بے دخلی سے کی جائےگی۔ اس کے تحت ایک لاکھ 20 ہزار تارکین کو کویت سے رخصت کیا جائے گا۔60 برس سے زیادہ عمر والے کارکنان اور لاعلاج امراض میں مبتلا غیرملکیوں کی بھی چھٹی کی جائے گی۔ ان کی تعداد ڈیڑھ لاکھ کے لگ بھگ ہے۔
حکومت کویت نے اس حوالے سے ایک فیصلہ یہ بھی کیا ہے کہ ناخواندہ کارکنان یا معمولی تعلیم یافتہ غیرملکیوں سے بھی چھٹکارا حاصل کیا جائے گا۔ ان کی تعداد 90 ہزار سے زیادہ ہے۔ کویتی وزیر سماجی و اقتصادی امور مریم العقیل نے کہا کہ کویتی آبادی میں حالیہ 15 برسو ں کے دوران غیرمعمولی اضافہ ہوا ہے۔مقامی شہریوں کی شرح پیدائش 55 فیصد تک پہنچ گئی ہے جبکہ 15 برس کے دوران تارکین وطن کی تعداد میں 100 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ مریم العقیل نے سرکاری اورخانگی اداروں سے کہا ہے کہ وہ ایک لاکھ 60 ہزار اسامیوں پر غیرملکیوں کی جگہ مقامی شہریوں کا تقرر کریں۔
قبل ازیں عرب نیوز میں شائع ایک رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ توقع ہے کہ 2020 کے آخر تک 15 لاکھ کے قریب غیر ملکی کارکنان کویت سے نکل جائیں گے۔رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ کورونا وائرس کے منفی اثرات کے باعث کویت میں موجود کمپنیوں نے معاشی حالات کو دیکھتے ہوئے اخراجات کم کرنے کی غرض سے یہ اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے