کویت سٹی ۔کویت میں ہوائی سفر کا شعبہ بدترین بحران کا شکار ہے جبکہ امارات اور الجزائر میں کورونا کے نئے مریضوں کا انکشاف ہوا ہے۔تفصیلات کے مطابق کویت میں ہوائی سفر کے شرح میں 80 فیصد کمی واقع ہوگئی ہے جبکہ شعبے سے وابستہ کمپنیوں کو بڑے خسارے کا سامنا ہے۔
مقامی اخبار القبس کی رپورٹ کے مطابق ہوائی سفر کے شعبے کے ماہرین نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے ہوائی سفر کا شعبہ انتہائی متاثر ہے۔ماہرین نے کہا ہے کہ کورونا کے خوف سے لوگوں نے ہوائی سفر ملتوی کردیئے ہیں۔ اس سے نہ صرف کویت بلکہ دیگر کئی ممالک بھی متاثر ہیں۔
ماہرین نے کہا ہے کہ کورونا کا خوف اس قدر چھایا ہوا ہے کہ لوگ وبا زدہ ممالک کے علاوہ دیگر ممالک کی طرف جانا پسند نہیں کر رہے جہاں کورونا نہیں ہے۔کویت سے دبئی، دوحہ یا دوسرے خلیجی ممالک کے لیے جس فلائٹ میں 360 مسافر ہوا کرتے تھے، اب 10 سے 12 افراد سفر کرتے ہیں۔ حالت یہ ہے کہ نئی بکنگ بالکل بند ہے بلکہ پرانی بکنگ بھی لوگ منسوخ کر کے رقم واپس لے رہے ہیں۔
ماہرین نے کہا ہے کہ کاروباری مقاصد کے لیے سفر انتہائی محدود ہوگیا ہے جبکہ سیاحت کی غرض سے سفر کرنے والے لوگوں میں سے 60 فیصد نے بکنگ منسوخ کروادی ہے۔اماراتی وزارت صحت نے کہا ہے کہ نئے مریضوں میں دو روسی، دو اٹلی، جرمنی اور کولمبیا کے ایک ایک شہری ہیں۔وزارت نے کہا ہے کہ مذکورہ افراد کو ملک میں رہتے ہوئے وائرس منتقل ہوا تھا۔ ان کا وائرس کے شکار مریض سے میل جول رہا تھا۔
دوسری طرف الجزائر میں کورونا کے تین نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے۔ الجزائری محکمہ صحت نے کہا ہے کہ تینوں مریض ایک ہی خاندان کے افراد ہیں۔الجزائری حکام نے کہا ہے کہ نئے مریضوں کے انکشاف کے بعد کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 8 ہوگئی ہے۔حکام کے بموجب کورونا وائرس کے مریضوں میں سے ایک اٹلی کا باشندہ ہے جو الجزائر تیل کمپنی میں کام کرتا ہے۔