Thursday, April 25, 2024
Homesliderکے سی آر کا ناگر جنا ساگر انتخابات کےلئے 14 اپریل کو...

کے سی آر کا ناگر جنا ساگر انتخابات کےلئے 14 اپریل کو جلسہ عام

- Advertisement -
- Advertisement -

حیدرآباد۔ ناگرجنا ساگر کے ضمنی انتخابات  میں ٹی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر کی انتخابی مہم کے امکانات ختم ہوتے دکھائی دے رہے ہیں اور ان کی انتخابی مہم کی بجائے 14 اپریل کو ہالیہ میونسپلٹی میں چیف منسٹر کے سی آر کے جلسہ عام پر اکتفاءکیا ہے۔اطلاعات ہیں   کہ ناگرجنا ساگر میں کے ٹی آر کو مصروف کرنے کے بجائے پارٹی نے کھمم، ورنگل میونسپل کارپوریشنوں کے علاوہ دیگر میونسپلٹیز کے انتخابات کی ذمہ داری دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہی نہیں بلکہ ورنگل اورکھمم کے علاوہ سدی پیٹ، اچم پیٹ، جڑچرلہ، نکریکل اور کتور میونسپلٹیز کے انتخابات کی ریاستی  الیکشن کمیشن نے تیاریاں شروع کردی ہیں۔

ٹی آر ایس  نے 11 اور 12 اپریل کو ناگرجنا ساگر میں کے ٹی آر کے روڈ شو کی تیاری کرلی تھی لیکن لمحہ آخر میں اسے منسوخ کردیا گیا۔ پارٹی ذرائع نے کہا ہے کہ ناگرجنا ساگر کے بجائے کے ٹی راما راؤ کو ورنگل اور کھمم پر توجہ دینے کی چیف منسٹر نے ہدایت دی ہے۔ وہ ورنگل کارپوریشن کے حدود میں بعض ترقیاتی اسکیمات اور پروگراموں کا افتتاح انجام دیں گے۔کے ٹی آر  2 اپریل کو کھمم کا دورہ کرچکے ہیں جہاں انہوں نے مختلف ترقیاتی پروگراموں کا افتتاح بھی  کیا تھا۔

 اسمبلی کے بجائے کے ٹی آر کو مجالس مقامی کے انتخابات میں مصروف کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ٹی آر ایس قائدین کو یقین ہے کہ 14 اپریل کو چیف منسٹر کے سی آرکا  جلسہ عام پارٹی کی کامیابی کیلئے کافی ہوگا۔امید کی جارہی ہے  2 مئی کو ناگرجنا ساگر کے انتخابات کے نتیجہ کے اعلان سے قبل الیکشن کمیشن مجالس مقامی کے انتخابات کا اعلامیہ جاری کرسکتا ہے۔ سیاسی حلقوں میں امید کی جارہی ہے کہ 30 اپریل تک انتخابی تفصیلات  جاری کردی جائیں گی ۔واضح رہے  کہ اس وقت ناگرجناساگر کے ضمنی انتخابات کی تیاریاں عروج پر ہیں اور خاص کر کانگریس یہاں کامیابی کے لئے ایڑی چوٹی کا زور لگارہی ہے ۔