Wednesday, April 24, 2024
Homesliderکے کے آر کے حوصلے بلند،ممبئی پہلی کامیابی کےلئے کوشاں

کے کے آر کے حوصلے بلند،ممبئی پہلی کامیابی کےلئے کوشاں

- Advertisement -
- Advertisement -

چینائی ۔ سن رائزر حیدرآباد کے خلاف ایک جامع کامیابی کے بعد کولکتہ نائیٹ رائیڈرس کل یہاں کھیلے جانے والے آئی پی ایل 2021 کے اپنے دوسرے مقابلے میں دفاعی چیمین ممبئی انڈینس کے خلاف بھی بہتر مظاہرہ کے لئے پرعزم ہے۔ گزشتہ دو برسوں سے پلے آف میں رسائی سے محروم کے کے آر اس مرتبہ مختلف ٹیم دکھائی دے رہی ہے جیسا کہ اس نے اتوار کو کھیلے گئے رواں ٹورنمنٹ کے اپنے افتتاحی مقابلہ میں جس انداز میں حیدرآباد کو 10 رنز سے شکست دی ہے۔ کے کے آر کے ٹاپ آرڈرس نے جہاں جارحانہ آغاز کیا وہیں دنیش کارتک نے بھی مقابلہ کا اختتام برق رفتاری کے ساتھ کیا جس سے واضح ہوتا ہے کہ کپتان ایان مورگن کی سرپرستی میں کھلاڑیوں نے دلیرانہ اور بے خوف طرز رسائی اختیار کررکھی ہے۔

 علاوہ ازیں مورگن کے ارادے بھی واضح نظر آرہے ہیں جیسا کہ انہوں نے آئی پی ایل کے کامیاب ترین سنیل نارائن کو پہلے مقابلہ میں باہر بٹھایا۔ سیدھے اور بائیں ہاتھ کے کھلاڑیوں کے اشتراک کے لئے کے کے آر نے نتیش رانا اور شبھ من گل کا استعمال کیا اور دونوں نے ہی پہلی ہی گیند سے حریف بولروں پر حملہ کرنا شروع کیا۔ جس سے واضح ہوتا ہے کہ کے کے آر نے جارحانہ کھیل کو اپنالیا ہے۔ کے کے آر کے لئے یہ بھی خوش آئند ہے کہ مڈل آرڈر میں اسے شکیب الحسن کی خدمات بھی دستیاب ہوچکی ہیں جبکہ مورگن کی قیادت کے ساتھ بیٹنگ بھی دستیاب ہے۔ اتوار کو کھیلے گئے مقابلہ میں رانا نے بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور رشید خان کی جانب سے گل اور رسل کو آؤٹ کرنے کے باوجود انہوں نے اپنی طرز رسائی کو تبدیل نہیں کیا۔ رانا کی جانب سے 56 گیندوں میں 80 رنز کی اننگز کے بعد کارتک نے بھی تیزرفتار 9 گیندوں میں 22 رنز بنائے جس کی بدولت کے کے آر نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 187 رنز کا قابل دفاع اسکور بنایا۔

 منگل کو کھیلے جانے والے مقابلہ میں کے کے آر کے لئے کامیابی حاصل کرنے کے لئے پانچ مرتبہ کی چیمپین ممبئی انڈینس کے خلاف مزید بہتر مظاہرہ کی ضرورت ہوگی۔ علاوہ ازیں مورگن اور روہت شرما کی قیادت بھی اس مقابلہ میں توجہ کا مرکز ہوگی کیونکہ ایک جانب جہاں مورگن اپنی انگلش ٹیم کو محدود اوورز کی عالمی چیمپین بنا چکے ہیں وہیں دوسری جانب روہت نے ممبئی انڈینس کو 5 مرتبہ آئی پی ایل کا خطاب دلوایا ہے جس میں گزشتہ برس متحدہ عرب امارات میں منعقدہ ایونٹ کی خطابی کامیابی بھی شامل ہے۔ ممبئی انڈینس کل کے مقابلہ میں کے کے آر کے لئے آسان حریف نہیں ہوگی اور وہ رواں سیزن اپنی پہلی کامیابی حاصل کرنے کے لئے کوشاں ہوگی۔ کے کے آر جس نے حیدرآباد کے خلاف ایک آسان بولنگ شعبہ کا مقابلہ کیا تھا وہیں ممبئی کا بولنگ شعبہ کسی قدر طاقتور ہے کیونکہ اس کے فاسٹ بولروں کی جوڑی جسپریت بومبرا اور ٹرنٹ بولٹ پر مشتمل ہے۔

 گل ٹی 20 فاسٹ بولروں کے خلاف جدوجہد کرتے رہے ہیں اور یہی کے کے آر کے لئے تشویش کا باعث ہوسکتی ہے۔ دوسری جانب ممبئی انڈینس سست آغاز کی وجہ سے پہلا مقابلہ ہاری تھی جبکہ آر سی بی نے ہرشل پٹیل اور اے بی ڈی ولیرس کے شاندار مظاہروں کی بدولت کامیابی حاصل کی تھی۔ ممبئی انڈینس کے لئے اگر اس کے بائیں ہاتھ کے اوپنر کوئنٹن ڈی کاک قرنطینہ میں ہیں تو کل کے مقابلے میں بھی ممبئی کریس لین کے ذریعہ ہی اننگز کا آغاز کرواسکتی ہے۔ مڈل آرڈر میں سوریہ کمار یادو، ایشانت کشن، کےرن پولارڈ اور پانڈیا برادران موجود ہیں لیکن گزشتہ مقابلہ میں مڈل آرڈر کی ناکامی کے بعد ممبئی انڈینس 159/9 رنز اسکور کر پائی تھی۔