Monday, June 9, 2025
Homeٹرینڈنگگاؤ ماتا کے بعد اب گاؤ آنٹی

گاؤ ماتا کے بعد اب گاؤ آنٹی

مغربی بنگال کے بی جے پی لیڈردلیپ گھوش کا بیان

- Advertisement -
- Advertisement -

کولکتہ ۔ گاؤ ماتا کے بعد اب گاؤ آنٹی بھی منظر عام پر آنے لگی ہیں کیونکہ جو گائے ہندوستان کی ہیں وہ گائے ماتا ہے اور جو گائے بیرونی ممالک سے درآمد کی جاتی ہے وہ گائے آنٹی ہے ۔یہ بات بی جے پی کے ایک لیڈر نے کہی ہے ۔گائے کے نام پر سیاست کرنے والی بی جے پی کے لیڈروں کا گائو رکشا پر مبنی بیان تو بہت لوگوں نے سنا ہے اور گائے کو وہ سبھی گائو ماتا بھی کہتے ہیں، لیکن مغربی بنگال کے بی جے پی صدر دلیپ گھوش نے جو تازہ بیان دیا ہے وہ بہت حیران کرنے والا ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ غیر ملکی نسل کی گائیں گائو ماتا نہیں ہیں۔ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی کہہ ڈالا کہ دیسی بریڈ کی گائیوں میں طلائی عنصر پائے جاتے ہیں، تبھی ان کا دودھ ہلکا سنہرا رنگ کا ہوتا ہے۔

انگریزی روزنامہ دی ٹیلی گراف کی رپورٹ کے مطابق مغربی بنگال کے وردھمان ضلع میں گھوش اور گابھی کلیان کمیٹی کی جانب سے منعقد ایک تقریب میں بنگال بی جے پی کے سربراہ خطاب کر رہے تھے جب انھوں نے غیر ملکی نسل کی گایوں کے گائو ماتا نہ ہونے والی بات کہی۔ رپورٹ کے مطابق دلیپ گھوش نے اپنے بیان میں کہا کہ دیسی نسل کی گایوں کی ایک خاص خوبی ہوتی ہے، اس کے دودھ میں سونا ملا ہوتا ہےاس لیے ان کے دودھ کا رنگ ہلکا پیلا ہوتا ہے۔ ان میں ایک ناڑی ہوتی ہے جو دھوپ کی مدد سے سونا پیدا کرنے میں مدد کرتی ہے۔ ہمیں ان گایوں کو رکھنا ہوگا۔

غیر ملکی نسل کی گایوں سے متعلق دلیپ گھوش نے کہا کہ بیرون ملک سے جو ہم گائے کی نسلیں لاتے ہیں، وہ گائیں نہیں ہیں۔ وہ ایک طرح کے جانور ہیں۔ غیر ملکی نسل کی گایوں کی آواز بھی گایوں جیسی رمبھانے کی نہیں ہوتی اس لیے وہ ہماری گائو ماتا نہیں بلکہ ہماری آنٹیاں ہیں۔ اتنا ہی نہیں انہوں نے مزید کہا کہ یہ ملک کے لیے مناسب نہیں ہوگا اگر ہم ان آنٹیوں کی پوجا کریں ۔دلیپ گھوش نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ یہ مناسب نہیں ہے کہ ہم اپنے بھگوانوں کی پوجا ان غیر ملکی نسل مثلاً جرسی گایوں کے دودھ سے کریں۔ ہمارے ملک کے بھگوان بھی غیر ملکی چیزوں کو قبول نہیں کرتےلیکن جو انگریزی میں پڑھے لکھے ہیں انھیں ہر غیر ملکی چیز پسند ہے۔ انھیں غیر ملکی بیویاں چاہئیں، انھیں اجلے رنگ والی بیویاں چاہئیں، کئی لیڈروں نے شادی کی ہے۔ سبھی مسئلے کی جڑ یہی ہے۔ نہ صرف غیر ملکی گائیں بلکہ لوگ جو غیر ملکی بیویاں لا رہے ہیں وہ بھی مضر ہے۔ وہ یہاں آ رہی ہیں اور ہمارے لیڈروں پر برا اثر ڈال رہی ہیں۔ انھیں جیل میں جانا پڑ رہا ہے۔