چینائی ۔ مدراس ہائی کورٹ نے جنوبی ہندوستان کے معروف اداکار رانا دگگوبتی ، پرکاش راج ،اورتمنا بھاٹیہ کوآن لائن جوئے کے کھیل کی حمایت کرنے پر نوٹس جاری کردیئے ہیں۔ عدالت نے ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور بی سی سی آئی کے چیئرمین سورو گنگولی ، موجودہ کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کو بھی نوٹس بھیجے ہیں ۔ جوئے کی گیمز میں حصہ لے کر رقم ضائع ہونے والے نوجوان کی خودکشی کے بعد وکیل محمد رضوی کے ذریعہ دائرکردہ مقدمے پر عدالت غور کررہی تھی جس کے بعد اس نے فلمی اور کرکٹ دنیا کی معروف شخصیات کے خلاف نوٹس جاری کی ہیں او رکہا کہ کیا یہ لوگ آن لائن جوئے کی وجہ سے عوام کو ہونے والے نقصان سے واقف نہیں ؟
تلنگانہ میں جوئے کے کھیل پر پابندی عائد کی نشاندہی کرتے ہوئے مدراس ہائی کورٹ نے تمل ناڈو حکومت کو ایسے کھیلوں پر پابندی عائد کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ عدالت آن لائن جوئے پر پابندی کے لئے دائر درخواست کی سماعت کررہی تھی۔ آن لائن جوئے کی حمایت کرنے والی مشہور شخصیات پر عدالت ناراض ہے۔ عدالت نے کہا کہ یہ مشہور شخصیات اپنی جیبیں بھرنے میں زیادہ فعال رہتی ہیں اور لوگوں کی فلاح و بہبود کی پرواہ کرنے کے بارے میں سوچتی نظر نہیں آتی ہیں۔ جوئے کے ذریعہ کھیلوں میں استعمال ہونے والی رقم کہاں جارہی ہے ؟ مدراس ہائی کورٹ نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے ریاست اور مرکزی حکومت دونوں سے 15 دن کے اندر جواب دینے کو کہا ہے ۔ عدالت نے مشاہدہ کیا کہ آن لائن جوا عوام کے لئے ایک غلط مثال قائم کرے گا اوراس سے متعلق ایپس لوگوں کی زندگیوں کے ساتھ کھیلیں گی۔
یادر ہے کہ انڈین پریمئر لیگ (آئی پی ایل ) سیزن کے دوران کرکٹ سے متعلق سٹہ بازی ، جوا اورانعامات کا لالچ دینے والے آن لائن گیمز عروج پر ہوتے ہیں ۔یہ ہی نہیں بلکہ بڑی بڑی کمپنیاں عوام اور خاص کر کرکٹ شائقین کو انعامات کی ترغیب دیکر اپنی تجارت کو فروغ دینے میں سرگرم نظر آتی ہیں۔