Wednesday, April 23, 2025
Homeٹرینڈنگہائی ٹیک سٹی علاقے میں ٹرافک مسائل کے حل کےلئے کارپولینگ کی...

ہائی ٹیک سٹی علاقے میں ٹرافک مسائل کے حل کےلئے کارپولینگ کی تجویز

- Advertisement -
- Advertisement -

حیدرآباد ۔ شہر حیدرآباد میں ٹریفک جام کا مسئلہ سنگین ہوتا جارہا ہے اور خاص کر کے چند مقامات پر ٹریفک مسائل تو تشویش ناک حد تک بڑھ چکے ہیں ۔ایک جانب شہر حیدرآباد کی عصری پہچان ہائی ٹیک سٹی ہے تو دوسری جانب ہائی ٹیک سٹی میں ٹریفک کے مسائل سنگین ہوتے جا رہے ہیں ۔

ہائی ٹیک سٹی ،گچی باولی ،گنڈہ پور، جوبلی ہلز اور فائنینشل ڈسٹرکٹ ایسے علاقے ہیں جہاں ٹریفک جام کے مسائل سنگین صورتحال اختیار کر چکے ہیں اور ان علاقوں کی سڑکوں پر کاروں کے بے تحاشہ اضافہ پر سڑکیں اپنی تنگ دامنی کی شکایت کررہی ہیں۔ آر ٹی اے کے اعدادوشمار کے مطابق شہر حیدرآباد میں 2018 تک چارپہیوں کی گاڑیوں کی تعداد 10 لاکھ ہو چکی تھی اور روزانہ 230 نئی کاریں سڑکوں کی زینت بن رہی ہیں۔

 شہر حیدرآباد اور خاص کرمختلف علاقوں سے ہائی ٹیک سٹی تک ٹریفک مسائل کو ختم کرنے کے لیے حیدرآباد میٹرو ریل کی خدمات بھی شروع کی جا چکی ہیں لیکن اس نئی سہولت کے باوجود مذکورہ بالا مقامات پر ٹریفک مسائل حل ہونے کا نام نہیں لے رہے ہیں ۔ میٹرو ریل خدمات کے آغاز کے باوجود ٹریفک مسائل کی ایک اہم وجہ یہ بھی ہے کہ میٹرو ریل اسٹیشنس سے گھر او ردفاتر تک دوسری سواری کی بہتر سہولت نہ ہونا ہے ۔

ٹریفک مسائل کو حل کرنے کے لئے حیدرآباد میں ویسے تو کئی ایک تنظیمیں کام کر رہی ہیں جن کے منصوبوں اور تجاویز کو متعلقہ محکموں کی جانب سے قبول بھی کئے جارہے ہیں۔ہائی سٹی اور اس کے اطراف کے علاقوں میں ٹریفک جام کے مسائل کو حل کرنے کے لیے حیدرآباد کی ایک تنظیم ٹرافک سینس ان حیدرآباد کے عہددار احسن پاشا نے کہا ہے کہ ہائی ٹیک سٹی اور اس کے اطراف کے علاقوں میں ٹریفک مسائل کو حل کرنے کا ایک بہتر طریقہ یہ ہے کہ یہاں کار پولینگ کا نظام اختیار کیا جائے ۔

ہندوستان کے اہم میٹرو شہروں جیسے دہلی، ممبئی ،چینائی اور بنگلور میں کار پولنگ ٹریفک مسائل کے یکسوئی کے لئے بہترین طریقہ کے طور پر استعمال کیا جارہا ہے ۔یاد رہے کہ کار پولنگ وہ طریقہ ہے جس کے ذریعے ایک ہی منزل کی طرف جانے والے چند افراد اپنی اپنی انفرادی کار سے دفتر اور گھر جانے کی بجائے ایک مشترکہ کار سے منزل مقصود کی سمت روانہ ہوتے ہیں جس سے نہ صرف سڑکوں پر کاروں کی تعداد کم ہوتی ہے بلکہ ایک سے زائد افراد کو ڈرائیونگ کے بوجھ سے بھی راحت مل جاتی ہے۔

حیدرآباد میں ویسے تو کار پولنگ کا مختلف مقامات پر آغاز ہوچکا ہے لیکن ہندوستان کے دیگر شہروں کی بہ نسبت نوابوں کے اس شہر میں اس طریقہ کار کو اپنی مقبولیت حاصل کے لیے کچھ سال لگ سکتے ہیں ۔ ہائی ٹیک سٹی حیدرآباد کے مصروف ترین اور اہم مقامات میں سے ایک علاقہ ہے جہاں روزانہ عوامی حمل و نقل کے ذریعے آر ٹی سی 210 بسوں کی خدمات فراہم کرتا ہے جبکہ ایم ایم ٹی ایس ریلیں روزانہ مختلف مقامات سے ہائی ٹیک سٹی تک 50 ہزار مسافرین کو پہنچاتے ہیں ۔اس کے علاوہ حیدرآباد میٹرو ریل سے بھی تقریبا 50 ہزار سے زائد مسافرین مختلف مقامات سے ہائی ٹیک سٹی کا رخ کرتے ہیں۔