Wednesday, April 23, 2025
Homesliderہاردک  کانگریس سے مستعفی  ، قدیم پارٹی مسائل کو حل کرنے میں...

ہاردک  کانگریس سے مستعفی  ، قدیم پارٹی مسائل کو حل کرنے میں سنجیدہ نہیں

- Advertisement -
- Advertisement -

احمد آباد ۔ کوٹہ احتجاج سے ابھرنے والے لیڈر ہاردک پٹیل نے کانگریس کی گجرات یونٹ کے ورکنگ صدر اور پارٹی کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا۔ پٹیل نے 2019 میں کانگریس میں شمولیت اختیار کی تھی۔ پارٹی چھوڑنے سے پہلے کانگریس صدر سونیا گاندھی کو لکھے ایک خط میں، انہوں نے دعویٰ کیا کہ پارٹی نے ملک کے کچھ اہم مسائل پر صرف ایک رکاوٹ  کا کردار ادا کیا ہے اور ہر چیز کی محض مخالفت کی ہے۔ پٹیل نے کسی کا نام لیے بغیر ان خیالات کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی وہ گجرات کے عوام کے مفادات سے جڑے مسائل کو اٹھاتے تھے تو کانگریس کے سینئر لیڈر فون پر ان کے پیغامات دیکھنے میں مصروف رہتے تھے اور کچھ لیڈر جب پارٹی اور ملک کو ان کی ضرورت تھی تو بیرون ملک مزے کر رہے تھے۔
پٹیل نے بدھ کو ٹویٹ کیاآج میں ہمت کے ساتھ کانگریس پارٹی کے عہدے اور پارٹی کی بنیادی رکنیت سے استعفیٰ دیتا ہوں۔ مجھے یقین ہے کہ میرے اس فیصلے کا میرے تمام ساتھی اورگجرات کے عوام خیرمقدم کریں گے۔سونیا گاندھی کو لکھے ایک خط میں پٹیل نے دعویٰ کیا کہ کانگریس کو درست سمت میں لے جانے کی متعدد کوششوں کے باوجود پارٹی مسلسل میرے ملک اور معاشرے کے مفادات کے خلاف کام کر رہی ہے۔ اس لیے، میں کچھ اہم مسائل کی طرف توجہ مبذول کروانا چاہتا ہوں… پچھلے تین سالوں میں، میں نے محسوس کیا ہے کہ کانگریس کی قیادت، مرکز اور ریاستی سطح پر ہر چیز کی مخالفت کر رہی ہے ۔

 انہوں نے کہا کہ چاہے ایودھیا میں رام مندر ہو، جموں و کشمیر میں آرٹیکل 370 کی منسوخی ہو، جی ایس ٹی کا نفاذ ہو، ہندوستان طویل عرصے سے ان مسائل کا حل چاہتا ہے اور کانگریس نے صرف ایک رکاوٹ  کا کردار ادا کیا ہے۔ ہندوستان، گجرات اور پاٹیدار برادری سے متعلق مسائل پر کانگریس کا واحد موقف وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں مرکزی حکومت کی طرف سے کئے گئے کام کی مخالفت کرنا تھا۔پٹیل نے کہا کانگریس کو آج ہندوستان کی زیادہ تر ریاستوں کے عوام نے مسترد کردیا ہے کیونکہ پارٹی اور اس کی قیادت عوام کے سامنے کوئی بنیادی خاکہ پیش کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکی ہے۔