دبئی ۔ متحدہ عرب امارات کے خلاباز ہزاع المنصوری کی جانب سے خلاءسے زمین کی تصاویر خاص کر مقدس مقام مکہ کی تصاویر کو سوشل میڈیا پر لمحہ بھر میں مقبولیت کی بلندیاں مل رہی ہیں۔متحدہ عرب امارات کے خلاباز ہزاع المنصوری نے اپنے ٹوئٹر پر خلاء سے مکہ معظمہ کی لی گئی ایک تصویر پوسٹ کی ہے جو ان کے ذریعہ خلاءسے روانہ کردہ دوسری تصویر ہے۔
اس تصویر کے ساتھ ہزاع المنصوری نے ایمان افروز تبصرہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ یہ وہ مکہ معظمہ ہے جس کی طرف اہل ایمان کے دل کھنچے چلے آتے ہیں، جس کے دیدار کے لیے مسلمان ہر وقت دعائیں کرتے ہیں اور جہاں پہنچ کر اپنے دلوں کی مرادیں اور اپنے پرور دگار سے دعائیں مانگتے ہیں۔ برادرملک سعودی عرب کے لیے بھرپور محبت اور عقیدت کے ساتھ مکہ معظمہ کی تصویر پیش کی جاتی ہے۔
قبل ازیں 29 ستمبر کو خلاباز ہزاع المنصوری نے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن سے کھینچی گئی زمین کی ایک تصویر ارسال کی اور خلاءمیں جانے کے بعد یہ ان کی پہلی تصویرتھی۔اس تصویر کے ساتھ ہزاع المنصوری کی طرف سے ایک پیغام بھی جاری کیا گیا جس میں انہوں نے فخریہ انداز میں کہا کہ آخر کار میں نے اپنے خواب کو آسمان کی دوسری طرف سے پوراکردیا۔ ہزاع کی نگاہیں خلاءسے زمین پر ہیں۔ میں نے خلائی اسٹیشن سے زمین کی پہلی تصویر لی ہے جسے زمین پر بھیجا جا رہا ہے۔
ہزاع علی المنصوری نے پہلے اماراتی خلاباز کی حیثیت سے 61-62 خلائی مشن کے دیگر ارکان کے ساتھ بین الاقوامی خلائی اسٹیشن سے خلائی سفر کا آغاز کیا۔ ان کا یہ سفر قازقستان میں بائیکونور کاسمڈرووم سنٹر انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن سے شروع ہوا۔ یہ مشن 187 دن جاری رہے گا جس میں ان کے ہمراہ امریکی خلائی ادارے ناسا کے خلاباز جسیکا میر اور روسی خلائی ادارے کے اولیگ اسکریپوچکا شامل ہیں۔
اس سفر کے فوراً بعد متحدہ عرب امارات کے نائب صدر، وزیر اعظم اور وزیر دفاع اور دبئی کے حکمران محمد بن راشد نے ٹوئٹ کیا کہ ہزاع المنصوری کی خلاءمیں روانگی تمام عرب نوجوانوں کے لیے ایک پیغام ہے کہ ہم آگے بڑھ سکتے ہیں اور دوسروں کے ساتھ مل کر ستاروں پرکمندیں ڈال سکتے ہیں۔ ہمارا اگلا پڑاومریخ ہے جس میں امید ہے کہ ہمارے نوجوانوں کی گئی تحقیق مریخ تک کے سفر میں مدد گار ثابت ہوگی۔