دبئی: چینائی سوپر کنگز کے خلاف شکست کے بعد سن رائزرس حیدرآباد کے کپتان ڈیوڈ وارنر نے کہا ہے کہ ٹیم کو ایک اضافی بیٹسمین کی ضرورت ہے ۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے چینائی نے20 اوورز میں چھ وکٹوں پر 167 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں حیدرآباد آٹھ وکٹوں پر صرف147 رن ہی بنا سکی۔ حیدرآباد کی جانب سے کین ولیمسن سب سے زیادہ 57 رنز بناسکے ۔
وارنر نے کہا کہ وکٹ قدرے سست تھی اور مجھے لگتا ہے کہ ہمیں ایک اضافی بیٹسمین کی ضرورت ہے ۔ ہمیں اپنے بیٹنگ شعبہ کو مضبوط بنانا ہے ۔ یہاں ایک بڑی باؤنڈری ہے ، شاٹس کھیلنا آسان نہیں ہے ۔ ہمیں کچھ شعبوں کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے ۔ میرے خیال میں160 رنز کا ہدف درست تھا لیکن پچ کے مطابق ہمارے لئے چیزیں چیلنجنگ ہوتی گئیں۔ ٹیم میں چھ سات بولر رکھنے سے مدد ملتی ہے کیونکہ سوئنگ بولروں کے خلاف کھیلنا مشکل ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پاور پلے ہمیشہ چیلنجنگ ہوتا ہے لیکن آپ کو بولروں پر قابو پانا ہوتا ہے ۔ ہم اگلے میچوں میں پچ کو دیکھتے ہوئے پلیئنگ الیون کا انتخاب کریں گے ۔ ہمارا خیال ہے کہ ہماری ٹیم مضبوط ہے لیکن یہاں کچھ کمی ہے ۔ پوائنٹس ٹیبل میں سب سے اوپر آنے کیلئے آپ کو بہترین ٹیموں کو شکست دینا ہوگا۔ ہمیں آنے والے دنوں میں بہترین ٹیم کے ساتھ مقابلہ کرنا ہے اور کھلاڑی اس چیلنج کے لئے تیار ہیں۔
دوسری جانب سن رائزرس حیدرآباد کو شکست دینے کے بعد مہندر سنگھ دھونی نے کہا ہے کہ فتح سے دو پوائنٹس حاصل کرنا ٹیم کے لئے کافی اہمیت کا حامل ہے ۔دھونی نے کہا کہ آخر میں دو پوائنٹس حاصل کرنے کا مطلب ٹیم کے لئے کافی اہمیت کا حامل ہے ۔ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ہمیں بتاتی ہے کہ کئی بار آپ کے مطابق میچ نہیں ہوتے ہیں اور کبھی آپ جیت جاتے ہیں۔ ہم نے اس میچ میں عمدہ بیٹنگ کی۔ بیٹسمین صورتحال کو بخوبی سمجھے تھے ۔ آپ کو 160 رنز کے اسکور کا دفاع کرتے ہوئے پہلے چھ اوورز میں اچھی شروعات کرنی ہوتی ہے ۔
کپتان نے کہا کہ فاسٹ بولروں نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور اسپنرز نے میچ میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور اسے ایک اچھا کھیل بنا دیا۔ یہ ایک چیلنجنگ اسکور تھا اور میں پہلے چھ اوورز کے بعد اسکور دیکھتا ہوں۔ اگر پہلے چھ اوورز میں فیلڈنگ ٹھیک نہیں ہے تو آپ اس کا دفاع نہیں کرسکتے ہیں۔