سیہور:اپنے متنازعہ بیانوں سے ہمیشہ سرخیوں میں بنی رہنے والی،بھوپال سے رکن پارلیمنٹ سادھوی پرگیہ ٹھاکر پھر سے اپنے بیان کی وجہ سے تنازعہ کا سبب بن گئی ہیں۔در اصل پرگیہ ٹھاکر نے وزیر آعظم نریندر مودی کی ”سوچھ بھارت ابھیان“سے متعلق بے حد عجیب بیان دیا ہے۔
مدھیہ پردیش ضلع میں پارٹی کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ”انہیں نالیاں اور بیت الخلاؤں کوصاف کرنے کے لئے منتخب نہیں کیا گیا ہے۔
پرگیہ ٹھاکر کے اس بیان پر کئی سوال اٹھ رہے ہیں،کیونکہ وزیر آعظم نریندر مودی ”سوچھ بھارت ابھیان“ کے تحت ملک کو صاف اور کھلے میں ضروریات کرنے سے چھٹکارہ دلانے کے لئے کام کرنے کی بات کرتے رہے ہیں۔
سیہور کے سرکاری گیسٹ ہاؤز میں مقامی بی جے پی رکن اسمبلی سدیش رائے کی موجودگی میں پارٹی کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے پرگیہ ٹھاکر نے کہا ”ہم نالیاں اوربیت الخلاؤں کوصاف کرنے کے لئے منتخب نہیں کئے گئے ہیں“۔اور جن کاموں کے لئے ہم منتخب کئے گئے ہیں،انہیں ایمانداری سے کیا جائے گا۔
اس سے قبل بھی کئی بار اپنے بیانات کی وجہ سے پرگیہ ٹھاکرتنازعوں میں رہی ہیں،مثلاً حالیہ لوک سبھا انتخابات کے دوران پرگیہ سنگھ ٹھاکر نے ناتھو رام گھوڑ سے کو محب وطن بتاتے ہوئے کئی متنازعہ بیانات دئے تھے۔جس پر وزیر آعظم نریندر مودی نے صاف کہہ دیا تھا کہ وہ متنازعہ بیانات کے لئے پرگیہ ٹھاکر کو معاف نہیں کریں گے۔
پرگیہ سنگھ ٹھاکر کے اس بیان کے بعد کئی سوال اٹھ رہے ہیں۔مدھیہ پردیش کانگریس نے ٹویٹر کے ذریعہ کہا ہے کہ ”بھوپال کی رکن پارلیمنٹ نے مودی کے ”سوچھتا ابھیان“ سے خود کو الگ کیا،اور بولیں کہ ””ہم نالیاں اوربیت الخلاؤں کوصاف کرنے کے لئے منتخب نہیں کئے گئے ہیں“۔تو پھر مودی جی اور بی جے پی لیڈر صفائی پیش کرتے ہوئے فوٹو کھینچانے کا ناٹک کیوں کرتے ہیں۔