Thursday, April 24, 2025
Homesliderہم ہندوستان سے نہیں بلکہ بی جے پی سے لڑ رہے :...

ہم ہندوستان سے نہیں بلکہ بی جے پی سے لڑ رہے : مظفر شاہ

- Advertisement -
- Advertisement -

سری نگر۔ عوامی نیشنل کانفرنس کے نائب صدراور پیپلز الائنس برائے گپکارکے ایک اہم رکن مظفر شاہ نے کہا ہے کہ ہماری لڑائی ہندوستان کے خلاف نہیں بلکہ بی جے پی اور آر ایس ایس کے ساتھ ہے کیونکہ انہوں نے ہی ہم سے دفعہ 370 اور دفعہ 35 اے چھینا ہے۔انہوں نے جموں وکشمیر اپنی پارٹی کے صدر سید محمد الطاف بخاری کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ وہ دفعہ 370 کی بحالی پر بات کرنے کے لئے میرے ساتھ سری نگر کے تجارتی مرکز لال چوک میں آئیں۔ اگر ہم متحد ہوکر رہیں گے تو ہم سپریم کورٹ میں زیر سماعت دفعہ 370 کے متعلق مقدمہ کو آن، بان اور شان سے جیتیں گے ۔

انہوں نے مزید کہاہے کہ ہمارا جھنڈا اور ہمارا خصوصی موقف ہم سے زبردستی اورغیر قانونی طور پر چھینا گیا ہے ، جو پانچ اگست (2019) کو یہ کھیل ہم سے کھیلا گیا یہ ہندوستان نے نہیں کھیلا بلکہ بی جے پی اورآر ایس ایس نے کھیلا لہذا ہماری لڑائی ہندوستان سے نہیں ہے بلکہ بی جے پی اور آر ایس ایس کے خلاف ہے ۔

 جس زبردستی سے ہم سے دفعہ370 اور35 اے چھینے گئے اسی زبردستی سے جموں، کشمیر اور لداخ کے لوگ ان دفعات کو واپس لائیں گے ۔ نائب صدر نے جموں و کشمیر اپنی پارٹی کے صدر سید محمد الطاف بخاری کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا وہ ابھی سیاست میں طفل مکتب ہیں، وہ کہتے ہیں کہ اگر ہم نے دفعہ370 واپس نہیں لایا تو وہ ہمارے دروازے پرآئیں گے اس سے بہتر ہے کہ وہ ہمارے ساتھ کھڑا ہوجائیں اوردفعہ370 کی تنسیخ کے خلاف ہماری قانونی لڑائی میں شامل ہوجائیں۔

انہوں نے الطاف بخاری کو چلینج کرتے ہوئے کہا کہ وہ میرے ساتھ دفعہ370 کی بحالی پر بات کرنے کے لئے سری نگرکے تجارتی مرکز لال چوک میں آئیں۔ شاہ نے کہاکہ جموں وکشمیر اپنی پارٹی دراصل جموں وکشمیر میں بھارتیہ جنتا پارٹی ہے ۔انہوں نے الزام لگایا کہ الطاف بخاری کشمیریوں کے ساتھ کھڑے نہیں ہیں بلکہ بی جے پی کے سامنے بک گئے ہیں۔

لاوے پورہ تصادم کے بارے میں پوچھے جانے پر کہا مجھے امید ہے کہ یہ بھی ایک فرضی تصادم ہے جس طرح لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا صاحب نے امشی پورہ فرضی تصادم میں تحقیقات کرائیں اسی طرح اس تصادم میں بھی تحقیقات کرائی جانی چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ لاوے پورہ تصادم کے مہلوکین کی لاشوں کو ان کے لواحقین کے سپردکیا جانا چاہئے تاکہ وہ ان کی تجہیز و تکفین کرسکیں۔انہوں نے کہا ہے جموں وکشمیر میں ہونے والے فرضی انکاونٹرس کی بنیادی وجہ یہاں نافذآرمڈ فورسز اسپیشل پاورس ایکٹ( اے ایف ایس پی اے ) ہے اور جب میری حکومت آئے گی تو میں اس ایکٹ کویکسر ختم کردوںگا۔