نئی دہلی۔ کرکٹ جنوبی افریقہ (سی ایس اے) کے چیئرپرسن لاسن نائیڈو نے جمعہ کو کہا کہ وہ آئندہ ہندوستانی ٹیم کے دورے کے کسی بھی ممکنہ التوا کے بارے میں بے خبرہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سی ایس اے بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے ساتھ اس دورے کو کامیاب بنانے کے لیے مصروف عمل ہے اور شیڈول میں کسی بھی قسم کی تبدیلی پر دونوں بورڈز غور کریں گے۔ ہندوستان کو9 دسمبر کو جنوبی افریقہ کے لیے روانہ ہونا ہے اور ممبئی میں نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹسٹ کے اختتام کے بعد 17 دسمبر سے 26 جنوری تک تین ٹسٹ، تین ونڈے اور چار ٹی 20 کی سیریز کے دورے کے لیے روانہ ہونا تھا لیکن جنوبی افریقہ میں کورونا وائرس کی نئی قسم اومی کیرون کے ظہور کے ساتھ، یہ دورہ اب غیر یقینی صورتحال کا شکار ہے اور ٹسٹ میچوں کی تعداد تین سے دو کر کے ملتوی کرنے یا کم کرنے کی اطلاعات کے ساتھ نئی تبدیلی آسکتی ہے ۔ فی الحال، انڈیا اے ٹیم بلوم فونٹین میں جنوبی افریقہ اے کے خلاف تین چار روزہ میچوں میں سے اپنا دوسرا میچ کھیل رہی ہے۔
لاسن نے مزید کہا ہے کہ ہم ہندوستانی کرکٹ کے دورہ جنوبی افریقہ کے کسی ممکنہ التوا سے لاعلم ہیں۔ ہم بی سی سی آئی کے ساتھ بات چیت کر رہے ہیں تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ یہ دورہ آگے بڑھے۔ شیڈول میں کسی بھی تبدیلی پر دونوں بورڈز کے ذریعے تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ ہم بی سی سی آئی کے ساتھ باقاعدہ رابطے میں ہیں تاکہ یہ یقینی بنایا جاسکے کہ یہ دورہ ایسے ماحول میں ہو سکتا ہے جو تمام کھلاڑیوں اور عہدیداروں کے لیے محفوظ ہو لاسن نے ای میل کے ذریعہ میڈیا کو بھی مطلع کیا ہے ۔کرکٹ جنوبی افریقہ کی چیئرپرسن نے ہندوستان کے دورے کی مالی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ ہندوستان کا کسی بھی ملک کا دورہ میزبان ملک کے لیے ایک بہت بڑا مالیاتی فروغ کا ذریعہ ہوتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ انگلینڈ اور آسٹریلیا کے میچز کو آنے والے برسوں کے لیے دوبارہ ترتیب دیا گیا ہے اس لیے مالیاتی اثرات بالآخر نہ ہونے کے برابر ہوں گے ۔