ممبئی۔ ٹاپ آرڈر بیٹمسین روہت شرما، وکٹ کیپر رشبھ پنت اور محمد سمیع اور جسپریت بمرا کی فاسٹ بولنگ جوڑی نیوزی لینڈ کے خلاف کانپور میں25 نومبر کو شروع ہونے والی دو ٹسٹ میچوں کی سیریز کے لیے اسکواڈ میں نہیں ہیں۔ بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کی آل انڈیا سینئر سلیکشن کمیٹی نے دو ٹسٹ میچوں کے لیے اسکواڈ کا اعلان کرتے ہوئے ان کے اخراج کی کوئی وجہ نہیں بتائی، حالانکہ یہ قیاس کیا جا رہا ہے کہ انہیں آرام دیا گیا ہے۔ پچھلے چھ مہینوں کا سخت کے بعد مذکورہ کھلاڑی کو آرام دینے کی ضرورت ہے۔ ہندوستانی ٹیم ابتدائی ٹسٹ میں ویرات کوہلی کے بغیر ہی میدان میں اترے گا لیکن وہ ممبئی میں 3 سے 7 دسمبر تک مقررہ دوسرے ٹسٹ کے لیے ٹیم میں واپس آئیں گے۔ اجنکیا رہانے کانپور ٹسٹ میں ہندوستان کی کپتانی کریں گے، چتیشور پجارا کو ان کا نائب بنایا گیا ہے۔جمعہ کو بی سی سی آئی کے ایک بیان میں کہا گیا ویرات کوہلی دوسرے ٹسٹ کے لیے اسکواڈ میں شامل ہوں گے اور ٹیم کی قیادت کریں گے۔ ہندوستان کا ٹسٹ اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے : اجنکیا رہانے (کپتان)، کے ایل راہول، میانک اگروال، چیتشور پجارا (نائب کپتان)، شبھمن گل، شریاس آئیر، وریدھیمان ساہا (وکٹ کیپر)، کے ایس بھرت (وکٹ کیپر)، رویندرا جڈیجہ ، روی چندرن اشون، اکشر پٹیل، جینت یادو، ایشانت شرما، امیش یادو، محمد سراج اور پرسدھ کرشنا۔
روہت کو ونڈے کا کپتان بنائے جانے کا امکان
اسٹار اوپنر روہت شرما نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی20 سیریز میں ہندوستانی ٹیم نئے کپتان کے طور پر اپنے دورکا آغاز کریں گے اور ان تینوں میچوں میں ٹیم کی اچھی کارکردگی سے ان کی ٹیم کی قیادت پر موقف کو مستحکم کرنے کے امکانات بڑھ سکتے ہیں اور وہ ونڈے میں بھی ہندوستان کے کپتان بن سکتے ہیں۔ویراٹ کوہلی کے ٹی20 ورلڈکپ کے بعد کھیل کے مختصر ترین فارمیٹ میں کپتانی چھوڑنے کے بعد، چیتن شرما کی زیرقیادت قومی سلیکشن کمیٹی نے روہت کو ٹی20 میں ہندوستان کا کپتان مقرر کیا جبکہ کے ایل راہول کو نائب کپتان مقرر کیا گیا۔اگرچہ یہ کل وقتی ٹی20 کپتان کے طور پر ان کی پہلی سیریز ہوگی، لیکن ممبئی میں پیدا ہونے والے کرکٹر روہت کے جلد ہی اپنی کل وقتی ونڈے کپتانی کا آغاز کرنے کا معاملہ بھی سامنے آسکتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق بی سی سی آئی کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ ساتھ نئے ہیڈکوچ راہول ڈراویڈکوہلی کو کپتانی کے بوجھ سے راحت دلانا چاہتے ہیں اور انہیں بیٹنگ پر زیادہ توجہ دیتے ہوئے دیکھنا چاہتے ہیں۔ اس لیے، فیصلہ سازوں اور اہم اسٹیک ہولڈرزکی اس بارے میں ہندوستان کے سابق ٹی20 کپتان کے ساتھ بات چیت کا امکان ہے۔اگلے چند سالوں میں تین آئی سی سی ایونٹس ہونے والے ہیں اور بیٹ سے ویراٹ کی کارکردگی ان ٹورنمنٹس میں ہندوستان کی قسمت کا فیصلہ کر سکتی ہے۔
پچھلے کچھ سالوں میں اسٹارکوہلی نے کپتان کے طور پر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے لیکن وہ بیٹ کے ساتھ اپنی بہترین کارکردگی نہیں دکھا رہے ہیں اور ان کی71ویں بین الاقوامی سنچری کا انتظار ہرگزرتے دن کے ساتھ طویل ہوتا جا رہا ہے۔سلیکٹرز نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی20 کے ساتھ ساتھ ٹسٹ سیریز کے لیے اسکواڈ اورکپتانوں کا اعلان کردیا ہے۔ دو بڑے ورلڈکپ ہونے والے ہیں اور ٹیم کو ہیڈ کوچ راہول ڈراویڈ اور روہت کے نئے انتظام کے تحت نئے منصوبے بنانے کی ضرورت ہے۔ پہلا 2022 میں ٹی20 ورلڈ کپ ہوگا اوراگر روہت کو ونڈے کی کپتانی بھی سونپی جاتی ہے تو وہ 2023 کے ونڈے ورلڈ کپ میں ٹیم کی قیادت کریں گے۔34 سالہ روہت شرما اب تک 19 ٹی20 اور 10ونڈے میں ہندوستان کی قیادت کر چکے ہیں۔