Monday, April 21, 2025
Homesliderہندوستانی ٹیم پاکستان سے بہت آگے ، افغانستان توجہ کا مرکز

ہندوستانی ٹیم پاکستان سے بہت آگے ، افغانستان توجہ کا مرکز

- Advertisement -
- Advertisement -

نئی دہلی – ٹی20 ورلڈ کپ کے شیڈول  کےاعلان کے ساتھ ہی ہندوستان اور پاکستان کے مقابلے  کے تعلق سے شائقین کی دلچسپی بڑھنے لگی ہے اور اس ضمن میں عوام کے علاوہ کرکٹ کے ماہرین بھی اپنے خیالات کا اظہار کررہے ہیں ۔ اس ضمن میں  ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق اوپنر گوتم گمبھیر نے ٹی 20 ورلڈ کپ میں ہندوستان اور پاکستان کے مقابلہ کے متعلق اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ اس مقابلہ میں ہندوستانی ٹیم اپنی حریف سے بہت آگے ہے جبکہ رشید خان کی زیرقیادت افغانستانی ٹیم کسی کو بھی حیران کرسکتی ہے اور یہ ٹیم ورکپ میں توجہ کا مرکز ہوگی۔

گمبھیر جنہوں نے 2007ءکے افتتاحی ٹی 20 ورلڈ کے فائنل میں پاکستان کے خلاف 75 رنز کی اننگز کھیلی تھی، انہوں نے ہند۔ پاک مقابلہ کے ضمن میں مزید کہا کہ اس مقابلہ میں پاکستان پر دباؤ رہے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی ٹیم سے اس وقت امیدیں بہت زیادہ ہیں لیکن اگر آپ دیکھیں گے تو پاکستان سے ہندوستانی ٹیم بہت آگے ہے۔ اسٹار اسپورٹس سے اظہارخیال کرتے ہوئے گمبھیر نے کہا کہ ٹی 20 کرکٹ ایسی ہے جہاں کوئی بھی اپنے دن کسی کو بھی شکست دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ لہٰذا ہم کسی بھی ٹیم کی ضمانت نہیں دے سکتے۔

 گمبھیر نے کہا کہ مثال کے طور پر افغانستان کی ضمانت نہیں دی جاسکتی کیونکہ ان کے پاس راشدخان جیسا کھلاڑی موجود ہے جو کسی بھی دن کسی بھی ٹیم کو حیران کرسکتا ہے۔ گمبھیر نے مزید کہا کہ ٹی 20 ورلڈکپ میں افغانستان کی ٹیم اس وقت ایک انڈرڈاگ ٹیم ہے جس میں راشد خان، مجیب اور محمد نبی جیسے کھلاڑی موجود ہیں جنہیں آپ نظرانداز نہیں کرسکتے۔ گمبھیر کے بموجب گروپ 1 جس میں ویسٹ انڈیز، انگلینڈ اور جنوبی افریقہ شامل ہے۔ یہ گروپ ”گروپ آف ڈیتھ“ ہے۔ اس گروپ میں چار ایسی ٹیمیں ہیں جو خطاب کی مضبوط دعویدار تصور کی جاسکتی ہیں اور ان کے درمیان شاندار مقابلے ہونے کا قوی امکان ہے۔