ممبئی ۔ بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے اوپنر میانک اگروال کو ہندوستان کے ونڈے اسکواڈ میں شامل کیا ہے کیونکہ ٹیم کے 7 ارکان کورونا سے متاثر ہوئے ہیں جن میں چار کھلاڑی بھی شامل ہیں۔ کورونا سے جو کھلاڑی متاثر ہیں وہ شریاس ایئر، شکھر دھون، رتوراج گائیکواڑ اور نودیپ سینی ہیں ۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے آغاز سے قبل کورونا سے کھلاڑیوں کا متا ثر ہونا ٹیم کےلئے بڑا مسئلہ ہے ۔
ہندوستانی اسکواڈ کے ارکان کو ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے لیے 31 جنوری کو احمد آباد میں رپورٹ کرنے کی ہدایت دی گئی تھی ۔ انہیں احمد آباد جانے سے پہلے گھر پرکورونا ٹسٹ کروانے کو بھی کہا گیا تھا۔بی سی سی آئی نے کہا آل انڈیا سینئر سلیکشن کمیٹی نےپی سی آرآر ٹی ٹسٹنگ کے تین راؤنڈ کے بعد ٹیم انڈیا (سینئر مین) کے چار کھلاڑیوں سمیت سات ارکان کے نتائج مثبت آنے کے بعد میانک اگروال کو ہندوستان کے ونڈے اسکواڈ میں شامل کیا ہے۔
ٹیم کے ارکان کو 31 جنوری 2022 کو احمد آباد میں ویسٹ انڈیز کے خلاف آئندہ تین میچوں کی ونڈے اور ٹی 20 سیریز کے لیے رپورٹ کرنے کے لیے کہا گیا تھا۔ ہر رکن کو احمد آباد کا سفر شروع کرنے سے پہلے گھر پرکورونا ٹسٹ کروانے کے لیے بھی کہا گیا تھا۔ اور یہ سفر منفی رپورٹ کے بعد ہی شروع کیا گیا تھا۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اوپنرشکھر دھون اور فاسٹ بولر نودیپ سینی (اسٹینڈ بائی پلیئر) کے کیے گئے ٹسٹ کے مثبت نتائج آئے ہیں۔ دوسری طرف، فیلڈنگ کوچ ٹی دلیپ اور سیکورٹی لیزن آفیسر بی لوکیش کے ٹسٹ کے مثبت نتائج آئے ہیں۔
دریں اثنا، بیٹسمین روتوراج گائیکواڈ، جنہوں نے ٹسٹ کے پہلے راؤنڈ کے دوران منفی رپورٹ حاصل کی تھی لیکن اگلے دن کئے گئے ٹسٹ میں مثبت نتیجہ آیا ہے۔شریاس آئیر اور اسپورٹس مساج تھراپسٹ راجیو کمار کے گزشتہ روز ٹسٹ کے مثبت نتائج آئے ہیں۔ دونوں نے ٹسٹ کے پہلے دو راؤنڈ میں منفی رپورٹ حاصل کی تھی ۔بی سی سی آئی کی میڈیکل ٹیم مثبت معاملات کو سنبھال رہی ہے اورارکان مکمل صحت یابی تک تنہائی میں رہیں گے۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ ہندوستانی ٹیم کے پاس ایک بڑا دستہ ہے (تقریباً 26 ارکان بشمول نیٹ بولرز) اور ایسا لگتا ہے کہ مجموعی طور پر سیریز کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔
ٹیمیں 6 فروری کو نریندر مودی اسٹیڈیم میں تین ونڈے میچوں میں سے پہلا میچ کھیلنا ہے۔ونڈے سیریز کے بعد تین ٹی 20 کھیلے جائیں گے، جو کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں ہونے والے ہیں۔ویسٹ انڈیز ونڈے سیریز کے لیے ہندوستان کا موجودہ اسکواڈ: روہت شرما (کپتان)، کے ایل راہول (نائب کپتان)، رتوراج گائیکواڑ، شکھر دھون، ویراٹ کوہلی، سوریہ کمار یادو، شریاس آئیر، دیپک ہوڈا، رشبھ پنت (وکٹ کیپر)، دیپک چہر شاردول ٹھاکر، یوزویندر چہل، کلدیپ یادیو، واشنگٹن سندر، روی بشنوئی، محمدسراج، پرسدھ کرشنا، اویس خان اور میانک اگروال