نئی دہلی ۔ کورونا وائرس کا پھیلاؤ کم ہونے کا نام نہیں لے رہا ہے اور ہندوستان میں اس وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ کرناٹک میں کوویڈ 19 یعنی کورونا وائرس کے تین نئے معاملے سامنے آئے ہیں۔ ریاستی وزیر صحت بی سری راملو نے ان معاملات کی تصدیق کرتے ہوئے یہ اطلاع دی ہے۔ اس طرح سے ہندوستان میں کورونا کے جملہ معاملات کی تعداد 47 سے بڑھ کر 50 ہو گئی ہے۔
اس سے قبل پونے سے بھی ایک معاملہ کا انکشاف ہوا ہے۔ حال ہی میں دوبئی سے پونے واپس آنے والے جوڑے کو کورونا وائرس کی جانچ میں مثبت پایا گیا ہے۔ عہدیداروں نے یہ اطلاع دی۔ پونے کے ڈویژنل کمشنر دیپک مہی سالکر نے صحافیوں کو بتایا کہ دونوں مریضوں کو نگرانی کے لئے پونے کے ایک سرکاری دواخانہ میں رکھا گیا ہے۔ دونوں کی حالت مستحکم ہے۔
یہ جوڑے یکم مارچ کو دوبئی سے واپس آئے تھے۔ وہ 40 لوگوں کے اس گروپ کا حصہ تھے جو دوبئی گیا تھا۔ ہیلتھ آفیسر ہانکاری نے کہا ہم ان تمام لوگوں پر نگاہ رکھے ہوئے ہیں جن کے ساتھ وہ رابطے میں آئے تھے۔ پونے کلکٹر نول کشور رام نے کہا کہ دونوں کورونا وائرس کے مریضوں کے لواحقین کے خون کے نمونے بھی لیئے گئے ہیں اور لیبارٹریوں میں بھیج دیئے گئے ہیں۔
اب تک کیرالہ، دہلی، یوپی، پنجاب، کرناٹک، تمل ناڈو اور جموں و کشمیر سے کورونا وائرس کےمعاملوں کا انکشاف ہو چکا ہے، جبکہ دو کا تعلق مہاراشٹر کے پونے سے ہے۔ کیرالہ میں 8 مارچ کو کورونا کے 5 معاملے رپورٹ ہوئے تھے، ان میں سے 3 مریض اٹلی، جبکہ 2 دیگر انہیں کے کنبہ ارکان ہیں۔ علاوہ ازیں لداخ میں 2 مریض کورونا سے متاثر ہیں یہ دونوں مریض ایران کا سفر کر چکے ہیں۔ تمل ناڈو سے بھی ایک معاملہ سامنے آیا ہے، یہاں کا مریض عمان کا سفر کر چکا ہے۔
یادرہے کہ کورونا وائرس سے اب تک چین میں سب سے زیادہ ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ اس کے بعد اٹلی دوسرے نمبر پر ہے۔ اٹلی میں اب تک اس مرض کے 5000 سے زیادہ معاملے سامنے آئے ہیں۔ جو کہ چین، جنوبی کوریا اور ایران کے بعد سب سے زیادہ ہے۔ ہندوستان میں 50 افراد کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں اور اس سے بچاؤ کے لئے ملک میں مستقل آگاہی پھیلائی جارہی ہے۔