Tuesday, April 22, 2025
Homesliderہندوستان نے اپنی سرزمین پر 14ویں سیریز جیت لی

ہندوستان نے اپنی سرزمین پر 14ویں سیریز جیت لی

- Advertisement -
- Advertisement -

ممبئی۔آف اسپنرس روی چندرن اشون اورجینت یادوکے فی کس چار وکٹوں کی بدولت ہندوستان نے نیوزی لینڈکودوسرے کرکٹ ٹسٹ کے چوتھے دن صبح کے سیشن میں167رنز پرڈھیرکرتے ہوئے372 رنز سے بڑی کامیابی حاصل کی اوردومیچوں کی سیریزکو1-0 سے جیت لیا۔ ہندوستان کی یہ لگاتار14 ویں گھریلو سیریز کامیابی ہے ۔رنز کے لحاظ سے یہ ہندوستان کی سب سے بڑی کامیابی بھی ہے ۔ آدھی ٹیم کل ہی پویلین لوٹ چکی تھی، جبکہ آدھی ٹیم نے آج پہلے سیشن میں ہی گھٹنے ٹیک دئے ۔ یہ میچ اعجاز پٹیل کےلیے یادگاررہے گا جنہوں نے پہلی اننگز میں 10 وکٹیں لے کر اپنا نام تاریخ کے اوراق میں لکھوالیا ہے ۔

 دوسری جانب مینک اگروال جنہوں نے پہلی اننگز میں سنچری اور دوسری میں نصف سنچری بنائی۔ جینت یادو نے آج چار وکٹ لیے ۔ اس کے ساتھ ہی، اشون نے اننگز کا آخری وکٹ لیا، جو گھرریلو سرزمین پر ان کا300 واں ٹسٹ وکٹ تھا۔مینک اگروال کو پلیئر آف دی میچ اور اشون کو پلیئر آف دی سیریز کا ایوارڈ ملا۔ ہندوستان نے 2003 کے بعد پہلی مرتبہ آئی سی سی ٹورنمنٹ میں نیوزی لینڈ کو شکست دی ہے ۔ اس جیت کے ساتھ ہی ہندوستان نے ٹسٹ چمپئن شپ میں 12 نشانات حاصل کرلیے اور اس نے ٹسٹ چمپئن شپ کے فائنل میں نیوزی لینڈسے ملی شکست کا بدلہ لے لیا۔چوتھے دن جب کھیل شروع ہوا تو ہندوستانی ٹیم کو کامیابی کےلیے پانچ وکٹیں درکار تھیں اورنیوزی لینڈکو جیت کےلیے400 رنزچاہیےتھے ۔

تاہم دن کے پہلے ہی گھنٹے میں جینت یادوکی شاندار بولنگ کی بدولت ہندوستانی ٹیم کو اپنی فتح تک پہنچنے کے لیے زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑا۔ابتدائی چند اوورز میں کیوی بیٹسمینوں نے مثبت بیٹنگ کرتے ہوئے کچھ گیندوں کو باونڈری لائن کے باہرپہنچایا۔ کانپورٹسٹ میں کیوی ٹیم کو مشکل صورتحال سے نکال کرمیچ ڈراکرانے والے بیٹسمین رچن روندر کا وکٹ آج سب سے پہلے گرا۔ انہیں جینت یادو نے دوسری سلپ میں کیچ آوٹ کرواکرہندوستان کو جیت کے راستے پر بڑھادیا۔ رچن نے50 گیندوں میں چارچوکوں کی مدد سے 18 رنز بنائے ۔اس کے بعد، جینت نے اپنے اگلے اوور میں کائل جیمیسن کو ایک آف اسپن گیند پرایل بی ڈبلیوکیا۔

 اس کے ٹھیک دوگیند بعد ٹم ساؤتھی شاٹ لگانے کے لئے چہل قدمی کرتے ہوئے کریز سے باہرآئے لیکن گیند ان کے پیڈپرلگنے کے بعد وکٹ پر لگی اوروہ بولڈ ہوگئے ۔ اس کے تین گیند بعد اپنے اگلے اوورمیں شارٹ لیگ پر سمرول کو جینت نے کیچ کراکے اپنا چوتھا وکٹ لیا۔اس کے بعد اشون نے آخری وکٹ لے کر ہندوستان کی جیت کو یقینی بنایا۔ ہندوستانی پچ پریہ اشون کا300 واں وکٹ تھا۔ گھریلو پچوں پر سب سے زیادہ وکٹ لینے کے معاملے میں اب وہ صرف انیل کمبلے سے پیچھے ہیں۔