ایڈیلیڈ۔ ہندوستان کے تجربہ کار آف اسپنر روی چندرن اشون (55 رنز دیکر 4 وکٹ) ، اومیش یادو (40 رنز کے عوض 3 وکٹ ) اور فاسٹ بولر جسپریت بمراہ (52 رنز دے کر 2 وکٹ) کی بہترین بولنگ نے ڈے نائٹ کرکٹ ٹسٹ کے دوسرے دن جمعہ کو آسٹریلیا کی پہلی اننگز کو کافی نقصان پہنچادیا۔ آسٹریلیائی ٹیم کپتان ٹم پین کی نصف سنچری کے باوجود 191 رنز پر ڈھیر ہوگی ۔پین نے اپنی ناٹ آوٹ اننگز کےدوران 10 چوکوں کی مدد سے 73 رنز بنائے جبکہ دوسرا بڑا انفرادی اسکور مارنس لبوشین نے 47 رنز کی شکل میں بنایا۔ ہندوستان کو پہلی اننگز میں 53 رنز کی اہم سبقت ملی لیکن قومی اوپنرس پھر ایک مرتبہ ٹیم کو بہتر شروعات فراہم کرنے میں ناکام رہے جیسا کہ پرتھیو شا 4 رنز بناکر پیٹ کمنز کی گیند پر بولڈ ہوئے ۔
قبل ازیں گلابی گیند سے کھیلے جارہے پہلے میچ کے دوسرے دن کے پہلے سیشن میں ہندوستانی کی پہلی اننگز 93.1 اوورز میں 244 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ بندوستان کو ڈھیر کرنے کے بعد بیٹنگ کے لئے اتری آسٹریلیا کی اننگز کو بمراہ نے ابتدائی دھکے دیئے ۔ انہوں نے پہلے اوپنر میتھیو ویڈ اور پھر جو برنز کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کرکے پویلین بھیج دیا۔ ویڈ نے 51 گیندوں پر ایک چوکوں کی مدد سے آٹھ رنز بنائے جبکہ برنس نے 41 گیندوں پر آٹھ رن بنائے ۔
آسٹریلیائی ٹیم کی پہلی اننگز میں کپتان ٹم پین نے سب سے زیادہ 73 رنز بنائے ۔ ہندوستان کو اس میچ میں اہم برتری حاصل ہوئی ہے جبکہ ایک وقت ایسا لگ رہا تھاکہ آسٹریلیائی ٹیم میچ پر حاوی ہے لیکن ہندوستانی بولروں نے صبح پہلی اننگز میں چھ وکٹ پر 233 رن سے آگے کھیلتے ہوئے 244 رن پر سمٹ جانے کے باوجود شاندار واپسی کی اور میزبان ٹیم کو مسلسل پریشان کیا۔آسٹریلیا کی طرف سے پین یکطرفہ جد و جہد کرتے ہوئے ٹیم کی اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی اور 99 گیندوں میں 10 چوکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 73 رن بنائے ۔ پین کے علاوہ مارنس لیبوشین نے 119 گیندوں میں سات چوکوں کی مدد سے 47 رنز بنائے ۔ ان دونوں کے علاوہ آسٹریلیا کا کوئی اور بیٹسمین کچھ نہ کرسکا ۔
آسٹریلیا کی اننگز میں اسٹار بیٹسمین اور سابق کپتان اسٹیون اسمتھ 29 گیندوں میں صرف ایک رن بنا کر اشون کا شکار بنے ۔ میچل اسٹارک نے 15، کیمرون گرین نے 11 اور ناتھن لیون نے 10 رنز بنائے ۔ ہندوستان کی جانب سے اشون نے 18 اووروں میں 55 رن پر چار وکٹ، امیش نے 16.1 اوورز میں 40 رنز دے کر تین وکٹ اور بمراہ نے 21 اوورز میں 52 رن پر دو وکٹ حاصل کئے جبکہ محمد سمیع 17 اوورز میں 41 رنز پر خالی ہاتھ رہے ۔