Tuesday, April 22, 2025
Homesliderہندوستان کا آسٹریلیا میں سخت امتحان ہوگا: گنگولی

ہندوستان کا آسٹریلیا میں سخت امتحان ہوگا: گنگولی

- Advertisement -
- Advertisement -

نئی دہلی: بی سی سی آئی کے صدر سورو گنگولی نے آسٹریلیائی دورے کے ضمن میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ ویراٹ کوہلی کی قیادت میں ہندوستان ٹیم کو آسٹریلیا ءمیں سخت چیلنج متوقع ہے ۔ واضح رہے کہ ہندوستانی ٹیم کا آسٹریلیا کا دورہ27 نومبر سے شروع ہوگا۔ آسٹریلیائی دورے پر کوہلی کی ٹیم تین ونڈے ، تین ٹوئنٹی20 اورچار ٹسٹ میچ کھیلے گی۔

گنگولی نے کہا کہ آسٹریلیائی ٹیم اپنی سرزمین پر ہمیشہ ہی سخت حریف رہی ہے ۔ سابق کپتان اسٹیو اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر کی واپسی سے آسٹریلیا مضبوط ہوگی ہے۔ جبکہ مارنس لیبوشین جیسے کھلاڑی بہتر ہوگئے ہیں۔ آسٹریلیا میں ہندوستانی ٹیم کا امتحان ہوگا لیکن وہ جیتنے کے قابل بھی ہیں۔گنگولی نے بحثیت کھلاڑی 3 مرتبہ آسٹریلیا کا دورہ کیا ہے ۔ گنگولی 2003-04 میں آسٹریلیائی دورے پر ٹیم کے کپتان تھے۔ ان کی قیادت میں پہلی مرتبہ ہندوستانی ٹیم آسٹریلیا میں سیریز1-1 سے ڈراکرنے میں کامیاب رہی ۔ آسٹریلیا میں پہلی مرتبہ2018-19 میں قومی ٹیم کوہلی کی قیادت میں2-1 ٹسٹ سیریز جیتنے میں کامیاب رہی تھی لیکن اس وقت آسٹریلیائی ٹیم کو اسمتھ اور وارنر کی خدمات دستیاب نہیں تھیں ۔

اس مرتبہ اس کے تمام اہم کھلاڑی ٹیم میں منتخب ہونے کے لئے دستیاب ہیں۔ گنگولی کا خیال ہے کہ سیریز میں دونوں ٹیموں کے لئے برابری کا موقع ہے ۔ اسکور بورڈکو متحرک رکھنا اہم ہوگا۔ جو بھی اچھی بیٹنگ کرے گا وہ سیریز جیت جائے گا۔ گنگولی نے کہا کہ ہندوستان کے پاس بھی آسٹریلیائی ٹیم کی طرح تیز رفتار بولرز ہیں ۔ مہمان ٹیم محمد سمیع، جسپریت بمراہ اور نودیپ سینی پر مشتمل ہے ۔ ان کھلاڑیوں کی وجہ سے فاسٹ بولنگ شعبہ کافی بہتر ہے ۔

بائیں ہاتھ کے سابق اوپنرگنگولی نے کہا کہ اگر اوپنر روہت شرما اورفاسٹ بولر ایشانت شرما بارڈر۔گاوسکر ٹرافی سے پہلے فٹ ہوجاتے ہیں تو ٹسٹ ٹیم میں ان کا اہم کردار ہوسکتا ہے ۔ ہم ایشانت اور روہت کی نگرانی کر رہے ہیں۔ ایشانت کو مکمل طور پر ٹیم سے باہر نہیں کیا گیا اور وہ ٹسٹ سیریزکا حصہ بن سکتے ہیں ۔ ہم چاہتے ہیں کہ روہت آسٹریلیا کے لئے فٹ ہوجائیں۔ اگر وہ فٹ ہوتے ہیں تومجھے یقین ہے کہ سلیکٹرز ان کے انتخاب پر دوبارہ غورکریں گے ۔