چینائی۔ قومی آف اسپنر روی چندر اشون نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 61 رنز پر چھ وکٹ لیکر انگلینڈ کو پہلے کرکٹ ٹسٹ کے چوتھے دن پیرکو دوسری اننگز میں 178رن پر سمیٹ دیا جس کے بعد ہنودستان کو یہ مقابلہ جیتنے کے لئے 420 رنز کا مشکل ہدف ملا ہے اور دن کے کھیل کے اختتام پر ہندوستان نے روہت شرما(12) کے نقصان کے بعد 39 رنز بنالئے ہیں اور آخری دن اسے کامیابی کےلئے 381 رنز بنانے ہیں۔نیز شبھمن گل 15 اور چیٹیشور پچارا 12 رنز بناکر وکٹ پر موجود ہیں ۔روہت شرما کو جیک لیچ نے بولڈ کیا۔قبل ازیں انگلینڈ نے پہلی اننگز میں 578 رنزکا بڑا اسکور بنایا جبکہ ہندستان نے چوتھے دن چھ وکٹ پر257 رنز سے آگے کھیلنا شروع کیا اور اس کی پہلی اننگز 337 رن پر ختم ہوئی۔ انگلینڈ کوپہلی اننگز میں 241 رنز کی اہم سبقت حاصل ہوئی۔ انگلینڈ نے دوسری اننگز میں 178رن بنائے اور اس نے ہندستان کے سامنے 420 رنز کا مشکل ہدف رکھا۔
اشون نے دوسری اننگز میں بولنگ کی شروعات کی اور ٹرن اور اچھال لیتی پچھ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے 17.3اوور میں 61رنز پر چھ وکٹ لیکر انگلینڈ کو46.3 اوور میں 178رن پر سمیٹ دیا۔ اشون نے اس طرح 28 ویں مرتبہ اننگز میں پانچ وکٹ لئے ۔ اشون نے انگلینڈ کے خلاف چوتھی اننگز میں پانچ وکٹ اور چینائی میں تیسری مرتبہ اننگز میں پانچ وکٹ لئے ۔ شون نے اس طرح میچ میں نو وکٹ پورے کئے ۔ انہوں نے پہلی اننگز میں تین وکٹ لئے ہیں ۔بائیں ہاتھ کے اسپنر شہباز ندیم نے پندرہ اوور میں 66 رنز پر دو وکٹ،فاسٹ بولر ایشانت شرما نے سات اوور میں 24 رنز پر ایک وکٹ اور جسپریت بمراہ نے چھ اوور میں 26 رنز پر ایک وکٹ لیا۔ایشانت دوسری اننگز میں ڈینیل لارنس کا وکٹ لینے کے ساتھ ہی 300وکٹ لینے والے چھٹے بولر بن گئے ۔ وہ ہندستان کی طرف سے یہ کامیابی حاصل کرنے والے تیسر فاسٹ بولر باز بن گئے ۔انگلینڈ کی دوسری اننگز میں کپتان جو روٹ نے سب سے زیادہ چالیس رن بنائے ۔ رو ٹ نے 32گیندوں کی اننگز میں سات چوکے لگائے ۔ روٹ نے پہلی اننگز میں 218 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔ روٹ کا یہ 100واں ٹسٹ ہے اور اس میچ میں انہوں نے مجموعی طورپر 258 رنز بنائے ۔
اولی پوپ نے 28، ڈومنک بیس نے 25، جوس بٹلر نے 24، ڈومنک سبلی نے 16اور ڈینئل لارنس نے 18رن بنائے ۔ اوپنر روری برنس کا کھاتہ نہیں کھلا جبکہ بین اسٹوکس نے سات رن بنائے ۔ انگلینڈ کے آخری چار وکٹ محض 13رنز جوڑ کرگرے اور اس کی دوسری اننگز آخری سیشن میں 178رن پر سمٹ گئی۔ جیک لیچ آٹھ رن پر ناٹ آوٹ رہے ۔ اشون نے دوسری اننگز میں بولنگ کی شروعات کی اور پہلی ہی گیند پر برنس کو اجنکیا رہانے کے ہاتھوں کیچ کرا دیا۔ اشون نے پھر سبلی ، اسٹوکس، بیس، جوفرا آرچر اور جیمس اینڈرسن کے وکٹ لئے ۔ ندیم نے پوپ اور بٹلر کو آوٹ کیا جبکہ ایشانت نے لارنس اور بمراہ نے کپتان روٹ کی بیش قیمتی وکٹ لیا۔انہوں نے کپتان کو ایل بی بلیو آوٹ کیا۔اس سے پہلے ہندستان نے صبح چھ وکٹ پر 257 رنز سے آگے کھیلنا شروع کیا۔ واشنگٹن سندر نے 33 رنز روی چندر ن اشون نے آٹھ رنز سے اپنی اننگز کو آگے بڑھایا۔ ہندستان کی پہلی اننگز 95.5 اوورمیں 337 رنز پر ختم ہوئی۔سندر 138گیندوں پر 12چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 85 رنز بناکر ناٹ آوٹ رہے ۔ ان کے پاس کوئی جوڑی دار نہیں بچا کہ وہ اپنی سنچری مکمل کرپاتے ۔ اشون نے 9گیندو ں میں تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 31رنز بنائے ۔ ہندوستان کے لوورآرڈر کچھ زیادہ نہیں کرسکے اور جلدی جلدی آوٹ ہوگئے ۔