Monday, June 9, 2025
Homesliderہندوستان کو سڈنی میں شکست کی ہیٹ ٹرک کا خطرہ

ہندوستان کو سڈنی میں شکست کی ہیٹ ٹرک کا خطرہ

- Advertisement -
- Advertisement -

سڈنی  ۔  پہلے ونڈے میں 66 رنز کی شکست کے بعد ہندوستانی ٹیم اتوار کو آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ونڈے مقابلے میں سڈنی میدان میں شکست کی ہیٹ ٹرک سے بچنے اور تین میچوں کی سیریز میں برابری حاصل کرنے کے مقصد کے ساتھ اترے گی ۔

ویراٹ کوہلی کی زیرقیادت ہندوستانی ٹیم نے 2018-19 کے گزشتہ آسٹریلیائی دورے میں سڈنی میں پہلا ونڈے میچ 34 رنز سے گنوایا تھا لیکن پھر واپسی کرتے ہوئے اگلے دو میچ جیت کر سیریز 2-1 سے اپنے نام کی تھی۔ موجودہ دورے کا پہلا میچ سڈنی میں ہی کھیلاگیا جس میں ہندوستان کو66 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

سیریز کا دوسرا میچ بھی سڈنی گراؤنڈ میں ہونا ہے جہاں ہندوستانی ٹیم شکست کی ہیٹ ٹرک سے بچنے کی پوری کوشش کرے گی۔ پچھلے دورے میں دوسرا میچ ایڈیلیڈ میں ہوا تھا لیکن اس سیریز کا دوسرا میچ سڈنی میں ہو رہا ہے لہذا ہندوستان کو سڈنی گراؤنڈ میں اپنے ریکارڈ کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے تب ہی وہ اس سیریز میں واپسی کرسکے گا۔

آسٹریلیا نے پہلے مقابلے میں 374 کا اسکور بناکر جیت اپنے نام کی تھی ۔ ہندوستان نے 308 رن بنائے لیکن آسٹریلیاکا اسکور اتنا بڑا تھا کہ ہندوستان کی جیت کی امیدیں ہدف کی شروعات کرنے سے پہلے ہی ختم ہوگئی تھی۔ پہلے مقابلے میں ہندوستانی بولروں نے مایوس کیا۔ جس کے بعد ٹاپ آرڈر نے بھی امیدوں کو توڑنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ آسٹریلیا کے لئے کپتان آرون فنچ اور ڈیوڈ وارنر نے پہلی وکٹ کے لئے 156 رنز جوڑے اور فنچ اور اسٹیون اسمتھ نے دوسرے وکٹ کے لئے 108 رنز جوڑے ۔ یہی شراکت آسٹریلیا کی جیت کی بنیاد بنی۔

فنچ نے 114 ، اسمتھ نے 105 اور وارنر نے 69 رنز بنائے ۔ ان کے مقابلے میں ہندوستان کے ٹاپ آرڈر میں مینک اگروال نے 22 ، کپتان وراٹ نے 21 ، شریس ایئر نے دو اور لوکیش راہو ل نے 12 رنز بنائے ۔ شکھر دھون نے 74 رنز کا تعاون دیا جبکہ آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا نے90 رنز بنائے ۔ دونوں نے پانچویں وکٹ کے لئے 128 رنز کا اضافہ کیا لیکن یہ کوشش ہندوستان کی شکست کو نہیں روک سکی۔

کوہلی نے خود میچ کے بعد اعتراف کیا کہ ٹاپ آرڈر کو بڑے ہدف کے سامنے بڑی اننگز کھیلنے کی ضرورت تھی۔ہندوستان کو اپنی بولنگ میں خاص طور پر اصلاح کرنا ہوگا تب ہی وہ سیریز میں برابری کی امید کرسکے گی ۔ جسپریت بمراہ نے 73 ، نودیپ سینی نے 83 ، یوزویندر چہل نے 89 اور رویندر جڈیجا نے 63 رنز لٹائے ۔ صرف محمد سمیع نے کچھ بہتر کیا اور 59 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔