Monday, June 9, 2025
Homesliderہندوستان کو چینائی ٹسٹ میں 227 رنز کی شکست،فائنل کی راہ مشکل...

ہندوستان کو چینائی ٹسٹ میں 227 رنز کی شکست،فائنل کی راہ مشکل ہوگئی

- Advertisement -
- Advertisement -

چینائی۔ تجربہ کار سینئر فاسٹ بولر جیمس اینڈرسن کی صحیح وقت شاندار بولنگ اور یکے بعد دیگرے وکٹوں کے حصول اور بائیں ہاتھ کے اسپنر جیک لیچ(76 رن پر چاروکٹ) کی خطرناک بولنگ سے انگلینڈ نے ہندوستان کو پہلے ٹسٹ کے پانچویں اور آخری روز منگل کو 227 رنوں کے بڑے فرق سے شکست دیکر چارمیچوں کی سیریز میں0-1 کی برتری قائم کرلی۔ اس شکست سے ہندوستان کی آئی سی سی ٹسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں جگہ بنانے کی راہ مشکل ہوگئی۔

انگلینڈ نے ہندوستان کے سامنے 420 رنوں کا بے حد مشکل ہدف رکھا تھا اور اس نے میزبان ٹیم کی اننگز آخری دن دوسرے سیشن میں 192 رن پر سمیٹ دی۔ انگلینڈ نے اس طرح غیرملکی سرزمین پر اپنی مسلسل چھٹی جیت درج کی۔ انگلینڈ نے اپنے کپتان جو روٹ کو ان کے 100ویں ٹسٹ میں جیت کا شاندارتحفہ دیا۔ روٹ نے اس مقابلے میں پہلی اننگز میں 218 رنوں کی ریکارڈ اننگز کھیلی اور اس اننگز کے لئے مین آف دی میچ بنے ۔اس شکست سے ہندوستان کی آئی سی سی ٹسٹ چمپئن شپ کے فائنل میں جگہ بنانے کی راہ مشکل ہوگئی ہے ۔ ہندوستان کو فائنل میں جگہ بنانے کے لئے یہ سیریز1-2 یا1-3 کے فرق سے جیتنی ہے جبکہ انگلیڈ کو 1-3، 0-3 یا 0-4 سے جیت حاصل کرنی ہے ۔ہندوستانی کپتان ویراٹ کوہلی نے جدوجہد سے بھری 72 اور اوپنر شبھ من گل نے 50 رنز بنائے لیکن وہ ٹیم کوشکست سے نہیں بچاسکے ۔ ہندوستان کے دیگر بیٹسمینس غیرمعمولی اور ٹرن لیتی پچ پر انگلینڈ کے بولروں کا سامنا نہیں کرپائے ۔

انگلینڈ کی جانب سے لیچ نے چار، انڈرسن نے تین، جوفراآرچر، بین اسٹوکس اور ڈومینک بیس نے فی کس ایک وکٹ حاصل کی۔ہندوستان نے صبح ایک وکٹ پر39 رنز سے آگے کھیلنا شروع کیا لیکن اگلے دوسیشن کے اندر ہندوستانی اننگز سمٹ گئی۔ گل 50، چیتیشورپجارا15، کوہلی 72، نائب کپتان اجنکیا رہانے صفر، رشبھ بنت 11، واشنگٹن سندر صفر اور روی چندرشون نورن بناکر آوٹ ہوئے ۔ روہت شرما کل 12 رن بناکر آوٹ ہوئے تھے ۔جب صبح کے وقت ہندوستان نے اپنی اننگز کو آگے بڑھایا تو توقع کی جا رہی تھی کہ ہندوستانی بیٹسمینس جدوجہد کرئیں گے اور میچ کوڈراکرنے کی کوشش کریں گے لیکن کرشمائی فاسٹ بولر اینڈرسن نے صبح کے سیشن میں تین وکٹیں لے کر ہندوستانی بیٹنگ کی کمر توڑدی۔

گل نے 15 اورپجارا نے 12 رنز سے ہندوستانی اننگز کو آگے بڑھایا۔ ہندوستان کو پہلا جھٹکا جلد ہی لگ گیا۔ پجارا کو لیچ نے سلپ میں بین اسٹوکس کے ہاتھوں کیچ کروادیا۔ ہندوستان کادوسرا وکٹ 58 کے اسکور پر گرا۔ پجارا نے 38 گیندوں میں ایک چوکا کی مدد سے 15 رن بنائے ۔گل اور کوہلی نے دوسری وکٹ کیلئے34 رنز کی شراکت قائم کی لیکن اینڈرسن ایک خوبصورت ان سونگرسے گل کو بولڈکردیا۔ گل نے 83 گیندوں میں 50 رنز میں سات چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ گل کا وکٹ 92 کے اسکور پر گرا۔رہانے نے تین گیندوں کا سامنا کیااور اینڈرسن نے ایک اور عمدہ ان سونگر سے رہانے کا آف اسٹمپ اکھاڑدیا۔ رہانے نے اپنے ڈفینس میں زیادہ خالی جگہ چھوڑی تھی۔ رہانے کا کھاتہ نہیں کھل سکا اور ان کا وکٹ 92 کے اسکور پر گرا۔

ہندوستان کو پنت سے کافی امیدیں تھیں، جو مسلسل اچھا کھیل رہے تھے اور پہلی اننگز میں انہوں نے91 رن بنائے تھے لیکن اینڈرسن کی گیند پر وہ روٹ کے ہاتھوں کیچ ہوگئے ۔ پنت نے 19 گیندوں میں دو چوکوں کی مدد سے 11 رنز بنائے اور ان کا وکٹ 110کے اسکورپر گرا۔پہلی اننگز میں ناٹ آوٹ 85 رنز بنانے والے سندر دوسری اننگز میں کھاتہ نہیں کھول سکے ۔ سندرآف اسپنر ڈومینک بیس کی گیند پروکٹ کیپر جوس بٹلر کے ہاتھوں کیچ ہوئے ۔ سندر نے پانچ گیندوں کا سامنا کیا اور ہندوستان کا چھٹا وکٹ 117 کے اسکور پر گرا۔ ہندوستان کی شکست یہیں طے ہوگئی تھی۔

 تاہم کوہلی اور اشون نے جدوجہد کرتے ہوئے ہندوستان کے اسکور کو لنچ تک 144تک لے گئے ۔کوہلی اور اشون نے لنچ کے بعد ہندوستان کی جدوجہد جاری رکھی۔ دونوں کافی محتاط انداز سے کھیل رہے تھے لیکن تبھی اشون نے صبرکھویا اورلیچ کی گیند کو کٹ کرنے کی کوشش میں وکٹ کیپر بٹلرکوکیچ دے دیا۔ ہندوستان نے اپناساتواں وکٹ 171 کے اسکور پرگنوایا۔ اشون نے 46 گیندوں پر ایک چوکا کی مدد سے نو رن بنائے ۔میچ کو بچانے کی ہندوستان کی آخری امید اس وقت ٹوٹ گئی جب کپتان کوہلی میڈیم پیس بولر بین اسٹوکس کی نیچی رہتی گیند پر بولڈ ہوگئے ۔ کوہلی نے 104 گیندوں میں نو چوکوں کی مدد سے 72 رنز بنائے ۔ کوہلی کا وکٹ 179 کے اسکور پر گرا۔ شہبازاسی اسکور پر لیچ کے شکاربنے ۔ ندیم کا کھاتہ نہیں کھلا ۔جوفرا آرچر نے آخری بیٹسمین جسپریت بمراہ کوآؤٹ کرکے ہندوستانی اننگز سمیٹ دی۔ بمراہ نے چار رنز بنائے جبکہ ایشانت شرما پانچ رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ۔