Thursday, June 12, 2025
Homesliderہندوستان کو 41 برس بعد اولمپکس میں میڈل مل گیا

ہندوستان کو 41 برس بعد اولمپکس میں میڈل مل گیا

- Advertisement -
- Advertisement -

ٹوکیو۔ چاپان میں رواں ٹوکیو اولمپکس 2020 میں برونز میڈل کے مقابلہ میں ہندوستان نے جرمنی کو 5-4 سے شکست دی اور 41برس بعد اولمپکس  میں میڈل حاصل کیا ہے ۔ ہندوستانی ٹیم کی شروعات خراب رہی لیکن اس نے لگاتار گول کر کے شاندار واپسی کی۔ اس کے بعد جرمنی نے دوگول بناکر ہندوستان پر دباؤ بنایا لیکن ہندوستان نے یکے بعد دیگر چارگول بناکر میچ میں 5-3 کی برتری حاصل کرلی۔

جرمنی کی ٹیم نے چوتھے کوارٹر میں ایک گول بناکرمقابلہ کودلچسپ ضرور بنادیا  تھا لیکن آخر میں وہ ایک گول سے پیچھے رہ گئی اور برونز میڈل پر ہندوستان کا قبضہ ہوا۔ اولمپکس میں ہاکی میں ہندوستان نے 41 سال بعد کوئی میڈل حاصل کیا ہے۔ ٹوکیو اولمپکس میں اس سے قبل ہندوستان تین میڈل حاصل کرچکا ہے۔ پہلا تمغہ (سلور) میربائی چانوں نے ویٹ لفٹنگ میں جیتا، دوسرا میڈل (برونز) پی وی سندھو نے بیڈمنٹن میں اور تیسرا میڈل (برونز) لولینا بورگوہین نےباکسنگ میں حاصل کیا۔

قبل ازیں جرمنی نے میچ کے پہلے منٹ میں ہی گول کردیا تھا  اور مقابلے کے دلچسپ ہونے کے امکانات ظاہر ہوچکے تھے ۔ تیموراوروز کے اس فیلڈ گول کی مدد سے جرمنی کی ٹیم 1-0 کی سبقت حاصل کرلی تھی ۔ ہندوستانی ٹیم کے پاس اس کا جواب دینے کا موقع تھا لیکن وہ چوک گئی۔ ہندوستان کو اس کے بعد 5ویں منٹ میں پینلٹی کارنر حاصل ہوا لیکن روپندر پال سنگھ گول کرنے میں ناکام رہے۔

پہلے کوارٹر میں جرمنی ہندوستان پرحاوی رہا اور جرمن کھلاڑی بھی کافی پر جوش نظر آئے۔ تاہم ہندوستان نے اس کوارٹر میں بہتر دفاعی گیم کھیلا اور شریجیش نے دو گول بچائے۔ دوسرے ہاف میں ہندوستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ہندوستان نے نہ صرف لگاتارگول کئے بلکہ جرمن کھلاڑیوں پرحاوی بھی رہے۔

دوسرے ہاف میں جرمنی کی ٹیم دباؤ میں نظرآئی جبکہ ہندوستانی کھلاڑی گول کی لگاتارتلاش کرتے رہے اورجس کا انہیں فائدہ بھی ملا ۔سمرن جیت سنگھ اور روپندر نے گول بنائے۔ تیسرے کوارٹر میں روپندرنے پینلٹی کارنر لیتے ہوئے ہندوستان کے لئے چوتھا گول بنایا، جس کے بعد ہندوستان 4-3 کی سبقت سے مقابلے میں موجود رہا۔ اس کے فوری بعد سمرن جیت سنگھ نے گول کر کے اس برتری کو 5-3 تک پہنچا دیا ۔

آخر میں جرمنی نے ایک اورگول بناکر میچ کو دلچسپ بنایا۔ اس کے بعد جرمنی نے پینلٹی کارنرپرگول کرنے کی کوشش کی لیکن ہندوستانی گول کیپرشریجیش نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گول کا دفاع کیا۔