ڈھاکہ ۔ بنگلہ دیش کے ٹیلی کام ریگولیٹر آپریٹرز نے کو اپنی ہندوستانی سرحد کے ساتھ اپنی انٹرنیٹ خدمات بند کردیں۔ رپورٹ کے مطابق حکام کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ موبائل فون کوریج کو پوری سرحد کے ساتھ ایک کلومیٹر کے دائرے میں بند کردیا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ موجودہ صورتحال میں ملک کی سلامتی کی خاطر یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ایک حکام نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر کہا کہ فیصلہ اس تشویش کے پیش نظر کیا گیا ہے کہ ہندوستانی مسلمان نئے شہریت کے قانون کی وجہ سے بنگلہ دیش میں داخل ہونے کی کوشش کریں گے۔واضح رہے کہ ہندوستانی حکومت نے 11 دسمبر کو قانون منظورکیا ہے جس کے تحت چند ممالک سے غیر ملکی پناہ گزینوںکو شہریت دی جائے گی ۔
اس کے ذریعے حکومت لاکھوں غیر قانونی طور پر پاکستان، افغانستان اور بنگلہ دیش سے 2015 سے قبل آئے پناہ گزینوںکو شہریت دے گی تاہم بشرطیکہ وہ مسلمان نہ ہوں۔مذکورہ قانون جسے مسلمان دشمن کہا جارہا ہے، اس کے خلاف ہندوستان کے طول و عرض میں شدید احتجاج کا سلسلہ جاری ہے جس میں متعدد افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ احتجاج میں حصہ لینے والے افراد کو پولیس کی جانب سے ہراساں کیا جارہا ہے۔