Wednesday, April 23, 2025
Homesliderہندوستان کے لئے ستمبر اور اکٹوبر اہم ،کورونا کے خلاف احتیاط انتہائی...

ہندوستان کے لئے ستمبر اور اکٹوبر اہم ،کورونا کے خلاف احتیاط انتہائی ضروری

- Advertisement -
- Advertisement -

حیدرآباد۔تلنگانہ حکومت جہاں ایک جانب یکم ستمبر سے اسکولوں کی کشادگی کا فیصلہ کرچکی ہے تو دوسری جانب مرکز حکومت نے ریاستوں کو ماہ ستمبر اوراکٹوبر میں کورونا کی تیسری لہر کا انتباہ دیتے ہوئے احتیاط اور چوکسی اختیار کرنے کی ہدایت دی ہے ۔دریں اثناء مرکزی حکومت نے تمام ریاستوں کو ماہ ستمبر اور اکتوبر میں کورونا کی امکانی تیسری لہر کیلئے چوکسی کا مشورہ دیا ۔ مرکز نے اندیشہ ظاہر کیا کہ کورونا کی تیسری لہر ستمبر یا اکتوبر میں اپنا اثر دکھا سکتی ہے ، لہذا عید ، تہوار اوردیگر تقاریب میں ہجوم کے جمع ہونے میں  احتیاط سے کام لیا جائے۔ مرکز نے ماہرین کی رپورٹ کی بنیاد پرکہا ہے کہ ہندوستان  میں کورونا کی دوسری لہر ہنوز مکمل ختم نہیں ہوئی۔ مرکزی سکریٹری برائے ہیلت راجیش بھوشن نے کہا کہ ہندوستان ہنوز کورونا کی دوسری لہر کی زد میں ہے۔

انڈین کونسل فار میڈیکل ریسرچ کے ڈائرکٹر جنرل بلرام بھارگوا نے کہا کہ کورونا ٹیکہ سے مرض کے اثر کو کم کیا جاسکتا ہے لیکن اس سے مرض سے بچاؤ ممکن نہیں ہے ۔ کورونا ویکسین حاصل کرنے سے کورونا سے بچاؤ سے متعلق کی اطلاعات کی وضاحت کرتے ہوئے ڈائرکٹر جنرل نے کہا کہ ٹیکہ  لینے کی صورت میں مرض کا اثر کم کیا جاسکتا ہے۔ عوام کو کورونا سے حفاظت  کے لئے ٹیکہ اندازی کے بعد بھی ماسک کا استعمال کرنا چاہئے ۔

 مرکزی ہیلت سکریٹری کے بموجب ہندوستان ابھی بھی کورونا کی دوسری لہر کے درمیان ہے اور معاملات  کی رفتار کم ضرور ہوئی ہے لیکن ختم نہیں ہوئی۔ ہمیں موجودہ حالات میں گزشتہ تجربات کے پیش نظر تمام ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہوگا ۔ خاص طور پر عید اور تہوار کے موقع پر چوکسی کے ذریعہ مرض کو پھیلنے سے روکا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کیلئے ستمبر اور اکتوبر دو ماہ  اہمیت کے حامل ہیں چونکہ دو ماہ کے دوران کئی تہوار منائے جائیں گے اور اس دوران ہجوم کا ہونا ایک فطری بات ہے لیکن کورونا کے پیش نظر احتیاط انتہائی ضروری ہے ۔