حیدرآباد: مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی مانو میں 14 ستمبر کو شروع ہوئے ہندی ہفتہ کے ضمن میں مختلف سرگرمیوں کا 17 ستمبر کو اختتام عمل میں آیا۔ کویڈ 19 کے پیش نظر سماجی فاصلہ کو ملحوظ رکھتے ہوئے مختلف پروگرام آن لائن منعقد کیے گئے۔ ہندی ٹیچنگ اسکیم کی پروفیسر ڈاکٹر سیما ورما نے 16 ستمبر کو ایک آن لائن لیکچر پیش کیاجس کی صدارت پروفیسر صدیقی محمد محمود ‘ رجسٹرار انچارج نے کی۔ ڈاکٹر شگفتہ پروین ‘ ہندی آفیسر‘ ہندی سیل‘ مانو نے وزیر تعلیم ڈاکٹر رمیش پوکھریال نشانک کا پیام پڑھ کر سنایا۔
آن لائن ہندی کہانی مقابلہ 17 ستمبر کو منعقد ہوا۔ اس مقابلے میں ، مانو یونیورسٹی کے اسٹاف نے اپنی کہانیاں آن لائن سنائیں۔ اس کے علاوہ راج بھاشا (سرکاری زبان) کوئز مقابلہ بھی منعقد کیا گیا جس میں ارکانِ عملے نے بڑی تعداد میں حصہ لیا اور ہندی زبان کو وسعت دینے کے لیے ہر ممکن کوشش کرنے کا عہد کیا۔ ہندی ہفتہ کا اختتام پر ڈاکٹر شگفتہ پروین نے تمام شرکا اور یونیورسٹی کے ارباب سے اظہار تشکر کیا۔ ہندی ہفتہ کے تحت ہندی (سرکاری زبان) کو فروغ دینے کے لئے یونیورسٹی کیمپس میں خصوصی پوسٹر ، بینرز لگائے گئے۔ ہندی سیل نے ان سرگرمیوں کے انعقاد میں تال میل فراہم کیا اور انتظامات کی نگرانی کی۔