کینبرا۔ ہندوستانی ٹیم تیسرے ونڈے میں شاندار کامیابی سے پرجوش ہوکر آسٹریلیا کے خلاف تین میچوں کی ٹوئنٹی20 سیریز کے جمعہ کو ہونے والے پہلے مقابلے میں بلند حوصلے کے ساتھ اترے گی۔ ہندوستان نے سڈنی میں پہلے دو ونڈے66 اور51 رنز سے گنوائے تھے لیکن کینبرا میں تیسرے مقابلے میں 13 رن کی کامیابی کے ساتھ شاندار واپسی کی ۔ کینبرا کے مانوکا اوول میدان میں آسٹریلیا کو اس طرح پہلی مرتبہ شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔ہندوستانی ٹیم اب ٹی 20 سیریز میں بھی اس کارکردگی کو برقرار رکھنا چاہے گی ، جس کا پہلا میچ کینبرا کے مانوکا اوول میدان میں ہونا ہے ۔ ہندوستانی کپتان ویراٹ کوہلی نے تیسرے ونڈے میں کامیابی کے بعد کہا کہ وہ اس فارم کو آگے بھی برقرار رکھیں گے ۔
ونڈے سیریز کے پہلے دو میچوں میں ہندوستانی ٹیم کی کارکردگی مایوس کن رہی اور وہ متاثر کرنے میں ناکام رہی تھی لیکن تیسرے میچ میں ہندوستانی ٹیم شانداربیٹنگ اوربولنگ سے کلین سوئپ سے بچ گئی۔ہندوستانی ٹیم کو ٹی 20 سیریز میں اس فارم کو برقرار رکھنا ہوگا اور آسٹریلیائی بولروں کو قابو میں کرتے ہوئے کامیابی کے ساتھ سیریز کا آغاز کرنا ہوگا۔ ہندوستانی ٹیم نے واشنگٹن سندر اور دیپک چاہر کو ٹی 20 کے لئے ٹیم میں شامل کیا ہے ۔
شکھر دھون ، ویراٹ کوہلی ، مینک اگروال ، لوکیش راہول اور شریس ایر پر بیٹنگ شعبہ کے اہم نام ہیں اورممکن ہے کہ دھون کے ہمراہ راہول اننگز کا آغاز کریں گے اور مینک کا آخری الیون میں شامل ہونا مشکل ہو جائے گا۔اس سال کے شروع میں ہندوستان نے نیوزی لینڈ کے ساتھ پانچ میچوں کی ٹی 20 سیریز کھیلی تھی جس میں راہول نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا اور ٹیم کو5-0 سے کلین سوئپ کروانے میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔ راہول نے حال ہی میں یو اے ای میں آئی پی ایل کے 13 ویں سیزن میں بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا اور وہ ٹورنمنٹ میں سب سے زیادہ اسکور بنانے والے کھلاڑی تھے ۔
راہول سے ایک بار پھر ایسی کارکردگی کی توقع رہے گی اور دھون اور راہول پر ٹیم کو مضبوط شروعات دلانے کی ذمہ داری ہوگی ۔ کپتان کوہلی نے آسٹریلیا کے خلاف دوسرے میچ میں89 اور تیسرے ونڈے میں63 رنز بنائے تھے ۔ انہیں یہ فارم ٹی 20 میں بھی برقرار رکھنا ہوگا ۔مڈل آرڈر میں ، شریس ایر کو منیش پانڈے پر ترجیح دی جاسکتی ہے جبکہ آل راونڈر کے شعبے میں ہاردک پانڈیا اور رویندر جڈیجہ ذمہ داری سنبھالیں گے جنہوں نے تیسرے ونڈے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ پانڈیا اور جڈیجہ دونوں فارم میں ہیں اور ان دونوں سے ایک بار پھر بہترین کارکردگی کی امید ہوگی۔
ٹی 20 کے لئے ہندوستانی ٹیم میں شامل واشنگٹن کو چھٹے بولرکے طور پر میدان میں اتارا جاسکتا ہے ۔ ٹیم کی بولنگ ونڈے سیریز میں ناکام ثابت ہوئی اور بولروں کو پرانی غلطیوں سے سبق حاصل کرکے اپنی کارکردگی میں بہتری لانے کی ضرورت ہے ۔فاسٹ بولنگ کی ذمہ داری محمد سمیع ، جسپریت بمراہ پر ہوگی ۔ سمیع ٹیم میں واحد ایسے بولر رہے جنہوں نے دوسرے بولروں کے مقابلے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
ان دونوں کے علاوہ نودیپ سینی اور دیپک چاہر کو بھی موقع دیا جاسکتا ہے ۔ اسپن کے شعبے میں لیگ اسپنر یوزویندر چہل سرفہرست ہیں ۔دوسری طرف آسٹریلیا ونڈے سیریز میں جیت کے بعد ٹی20 کی سیریز بھی اپنے نام کرنے کی کوشش کرے گی حالانکہ ٹیم کے جارحانہ اوپنر ڈیوڈ وارنر زخمی ہونے کی وجہ سے سیریز سے باہر ہوگئے ہیں ۔ ان کی جگہ ٹیم میں ڈی ارشی شارٹ کو شامل کیا گیا ہے ۔ ہندوستان کے بولروںکو آسٹریلیا کی مضبوط بیٹنگ آرڈر پر قابو پانا ہوگا ، جنھوں نے ون ڈے سیریز میں کافی پریشان کیا ہے۔ آسٹریلیائی ٹیم کے لئے بڑی اننگز کے ذمہ داری فنچ ، اسٹیون اسمتھ ، گلین میکسویل اور مارکس اسٹوئنس پر ہوگی ۔