Wednesday, April 23, 2025
Homesliderہند۔انگلینڈ ونڈے سیریز،دھون کےلئے کافی اہم

ہند۔انگلینڈ ونڈے سیریز،دھون کےلئے کافی اہم

- Advertisement -
- Advertisement -

پونے ۔ ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان تین مقابلوں کی ونڈے سیریز کا کل یہاں آغاز ہو رہا ہے اور تمام تر توجہ اوپنر شکھر دھون پر مرکوز ہوگی۔ دوسری جانب انگلینڈ کی ٹیم ٹسٹ اور ٹی 20 سیریز میں ناکامی کے بعد دورہ کا ونڈے میں کامیابی کے ساتھ اختتام کرنے کی خواہاں ہوگی کیونکہ انگلش ٹیم ونڈے کی عالمی چمپین بھی ہے۔ یہ سیریز ہندوستانی اوپنر 35 سالہ شکھر دھون کے لئے اہمیت کی حامل ہے کیونکہ وہ احمد آباد میں منعقدہ پہلے ٹی 20 مقابلے میں ناکامی کے بعد باقی مقابلوں میں ٹیم کی نمائندگی نہیں کر پائے تھے۔ ہندوستانی ٹیم انتظامیہ کے پاس اننگز کے آغاز کے لئے کئی متبادل اور انفام کھلاڑی موجود ہیں جن میں شبھ من گل اور پارتھیو شا کے ساتھ دیودت پڈیکل بھی موجود ہیں جنہوں نے جنہوں نے حالیہ ٹورنمنٹس میں غیر معمولی مظاہرے کئے ہیں جس سے گبر کو بڑا خطرہ ہے۔

یاد رہے شکھر دھون کو ٹیم میں گبر ہی کہا جاتا ہے۔ امید کی جارہی ہے کہ دھون نائب کپتان روہت شرما کے ساتھ اننگز کا آغاز کریں گے جیسا کہ روہت نے ٹی 20 میں انتہائی شاندار مظاہرے کئے ہیں۔ ونڈے کا دھون کو ضرور فائدہ ہوگا کیونکہ 50 اوورز کی کرکٹ میں انہیں اپنی اننگز کو بہتر انداز میں آگے بڑھانے کا موقع ملے گا۔ علاوہ ازیں ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی نے بھی انگلینڈ کے خلاف ٹی 20 سیریز میں کافی رنز بنائے ہیں اور وہ اپنے اس فام کو ونڈے سیریز میں بھی آگے بڑھانے کے کوشاں ہوں گے۔ کوہلی سنچری اسکور بہت وقت قبل کرچکے ہیں تاہم ایک طویل عرصہ سے ان سے ایک سنچری کا انتظار کیا جارہا ہے کیونکہ انہوں نے آخری مرتبہ اگست 2019 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف پورٹ آف اسپین میں 114 رنز کی ناقابل تسخیر اننگز کھیلی تھی اور یہ ان کی 43 ویں سنچری تھی۔

ٹی 20 میں شاندار مظاہروں کے بعد کوہلی کوشش کریں گے کہ وہ ونڈے میں جو سنچریوں کا سلسلہ تھم سا گیا ہے اسے دوبارہ شروع کریں۔ مڈل آرڈر کا اس سیریز میں کافی اہم کردار ہوگا کیونکہ مڈل آرڈر میں آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا کی واپسی کے علاوہ وکٹ کیپر بیٹسمین ریشبھ پنت کے ساتھ ممبئی کے شریاس ائر اور سوریہ کمار یادو کے لئے ایک اہم سیریز ہوگی تاکہ وہ قطعی 11 کھلاڑیوں میں اپنا مستقل مقام بنا سکیں۔ خاص کر یادو نے ٹی 20 سیریز میں پاور ہٹر کا کام کیا ہے۔ وجئے ہزارے ٹرافی میں کرناٹک کے لئے 7 مقابلوں میں 14 وکٹیں حاصل کرنے والے دراز قد فاسٹ بولر پریسدھ کرشنا کو اس سیریز کے لئے ٹیم میں موقع دیا گیا ہے کہ اور وہ اپنے بین الاقوامی کیریئر کا آغاز کرسکتے ہیں۔

اسپنر یوزویندر چہل اور واشنگٹن سندر کو قطعی 11 کھلاڑیوں میں شامل کئے جانے کا امکان ہے اور انہیں کرونال پانڈیا کے علاوہ کلدیپ یادو پر ترجیح دی جاسکتی ہے۔ دوسری جانب انگلینڈ جسے ٹسٹ سیریز میں 1-3 اور ٹی 20 میں 2-3 کی شکست ہوئی ہے وہ 50 اوورز کی کرکٹ میں کامیابی کے ساتھ عالمی چیمپین کا اپنا اعزاز مزید مستحکم کرنے کی کوشاں ہو گی۔ انگلش ٹیم میں جوز بٹلر اور جیسن رائے کے علاوہ آل راؤنڈر بن اسٹوک کے ساتھ کپتان ایان مورگن مقابلہ کو اپنی ٹیم کے حق میں کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ بولنگ شعبہ میں مارک ووڈ کی رفتار ہندوستانی بیٹسمینوں کو پریشان کرنے کے لئے کافی ہم جبکہ معین علی اور عادل رشید درمیانی اوورز میں ہندوستان کے لئے مسائل پیدا کرسکتے ہیں۔