چینائی ۔ چار میچوں کی ٹسٹ سیریز کے چینائی میں کھیلے جانے والے پہلے دو میچوں کے لئے انگلینڈ اور ہندوستانی کھلاڑیوں کا قرنطینہ شروع ہوگیا ہے ۔ دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کو لیلا پیلیس ہوٹل میں قرنطینہ کیا گیا ہے ۔ چینائی کے چے پوک اسٹیڈیم میں پانچ فروری سے پہلا اور13 فروری سے دوسرا ٹسٹ کھیلا جائے گا۔
تمل ناڈو کرکٹ اسوسی ایشن کے ذرائع کے مطابق دونوں ٹیم کے کھلاڑی لیلا پیلیس ہوٹل میں چھ دنوں تک بایوببل میں رہیں گے ۔ اس دوران ان کا ہر تین دن میں کورونا ٹسٹ کیا جائے گا۔ قرنطینہ کے بعد دونوں ٹیمیں دو فروری سے نیٹ پر پریکٹس شروع کریں گی۔ انہیں ٹریننگ کے لئے تین دن ملیں گے ۔
کورونا وبا کے مدنظر انگلینڈ کرکٹ بورڈ کی اپیل کی بعد یہ سیریز ناظرین کی عدم موجودگی میں کھیلے جائے گی۔ناظرین اور میڈیا کو میدان میں آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ انہیں ٹی وی پر ہی لائیو میچ دیکھنا ہوگا۔ کھلاڑیوں، ٹیم اراکین اور معاون اسٹاف سمیت صرف حکام ٹی وی براڈکاسٹروں کو ہی میدان میں آنے کی اجازت ہوگی۔ اطلاعات کے مطابق انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی سری لنکائی ایئرلائنس کے خصوصی طیارے سے جمعرات کی صبح دس بجکر50 منٹ پر ایرپورٹ پہنچے ۔ طبی جانچ اور کورونا ٹسٹ کے بعد کھلاڑی لیلا پیلیس ہوٹل گئے ، جہاں وہ چھ تا سات دنوں کے لئے قرنطینہ میں رہیں گے ۔
ہندوستانی اسٹار بیٹسمین چتیشور پجارا، جسپریت بمراہ اور رشبھ پنت بھی صبح چینائی پہنچے جبکہ ہندوستانی ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی سمیت دیگر کھلاڑی شام کے بعد یہاں پہنچے ۔ ٹیم کے چیف کوچ روی شاستری بھی ممبئی سے چینائی پہنچے ہیں۔ اس سے پہلے آسٹریلیا ٹسٹ سیریز میں قائم مقام کپتان رہے اجنکیا رہانے اور روہت شرما منگل کی رات یہاں پہنچے تھے ۔