Wednesday, April 23, 2025
Homeاسپورٹسہند ۔ پاک مقابلہ بھی بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ

ہند ۔ پاک مقابلہ بھی بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ

- Advertisement -
- Advertisement -

مانچسٹر۔ روایتی حریف ہندوستان اور پاکستان کا ورلڈکپ میں 16 جون کو ہونےوالا میچ بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ اسٹیڈیم میں 16 جون کو ہندوستان اور پاکستان کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی جس کا کرکٹ شائقین کو بے صبری سے انتظار ہے۔ میچ دیکھنے کے لیے دنیا بھر سے شائقین کی مانچسٹر آمد متوقع ہے اور کچھ مقامات پر ٹکٹ بلیک میں چارگنا اضافی قیمتوں میں فروخت ہو رہا ہے۔ تاہم شائقین کرکٹ کے لیے بری خبر یہ ہے کہ اس وقت مانچسٹر میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اور برطانوی محکمہ موسمیات نے 16 جون کو بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔

برطانوی محکمہ موسمیات کے مطابق 16 جون کو مانچسٹر میں صبح 10 بجے سے بارش کے 50 فیصد امکانات ہیں۔ ایونٹ میں ہندوستان اب تک جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے خلاف دو میچز میں کامیابی حاصل کرچکا ہے جبکہ پاکستان نے انگلینڈ کو شکست دے کر واحد فتح حاصل کی ۔ اگر ہندوستان اور پاکستان کے درمیان میچ بارش کی نذر ہوتا ہے تو یہ پہلا میچ ہو گا جب پاکستانی ٹیم کو ورلڈکپ میں ہندوستان کے ہاتھوں میچ میں شکست نہیں ہوگی۔ اس سے قبل پاکستان اور ہندوستان کی ٹیمیں ورلڈکپ میں 6 مرتبہ مدمقابل آ چکی ہیں اور ان تمام مقابلوں میں فتح نے ہندوستانی ٹیم کے نام رہی ہے۔

ایک سو پچاس  پاونڈ کی ٹکٹ 2500 سے زیادہ میں فروخت

ہند۔ پاک میچ سے تین دن قبل ہی ٹکٹوں کی مانگ میں اضافہ ہوگیا ہے اور جن لوگوں کے پاس ٹکٹ ہیں وہ منہ مانگے دام وصول کررہے ہیں۔ ولسی اور آئی سی سی کے انتباہ کے باجود ٹکٹوں کی بلیک مارکیٹنگ میں اضافہ ہوگیا ہے۔ ہندوستان اور پاکستانی ٹیموں کے درمیان اتوارکو مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ میدان میں مقابلہ ہوگا۔ اس میچ کو دیکھنے کیلئے دونوں ٹیموں کے شائقین ایک بڑی تعداد میں مانچسٹر پہنچنا شروع ہوگئے ہیں، ٹکٹیں تمام فروخت ہوچکی ہیں اور بلیک مارکیٹ میں 150 پاونڈز والا ٹکٹ ڈہائی سے تین ہزار پاونڈز تک میں فروخت ہورہا ہے۔ ہندوستانی ٹیم جمعہ کو مانچسٹر پہنچی ہے۔ مانچسٹر کے ہوٹل مالکان منہ مانگی قیمت وصول کررہے ہیں۔شہر میں معمول سے زیادہ رونق ہے۔