حیدرآباد۔ انگلینڈ میں 30 مئی کو شروع ہونے والے آئی سی سی ورلڈ کپ 2019 میں روایتی کٹر حریف ہندوستان اور پاکستا ن کے میچ کی منسوخی کے خدشہ کی پرواہ کئے بغیر ہزاروں کی تعداد میں کرکٹ کے شوقین حیدرآبادی افراد انگلینڈ روانہ ہونے کے لئے بکنگ کروارہے ہیں۔ یہ میچ 16جون کو مقرر ہے ۔ہندوستان کو ورلڈکپ میں کبھی بھی پاکستان کے خلاف شکست نہیں ہوئی۔ شہر حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے کرکٹ کے کئی مداحوں نے انگریزی ملک سفر کی تیاری شروع کردی ہے ۔ انگلینڈکے شہر اولڈ ٹریفورڈ جہاں یہ میچ کھیلا جانے والا ہے اس کے لئے طیارہ کی نشستوں کی بکنگ کا آغاز کردیاگیا ہے ۔کرکٹ کے شوقین افراد کی دیوانگی کی یہاں تک انتہا ہوگئی ہے کہ اسٹیڈیم کی کافی مہنگی نشستوں کی بکنگ کے لئے ہرفرد تقریبا دو لاکھ روپئے خرچ کر رہا ہے ۔ بعض مجاز ٹراویل ایجنٹس نے کہا ہے کہ اسٹیڈیم کی گولڈ اور پلاٹینم گیلریز کے لئے حیدرآباد سے ا ن کی تمام بکنگس مکمل ہوگئی ہیں۔ ان کی ہوٹلس کے اخراجات حد سے زیادہ ہیں۔ فور اسٹار اور فائیواسٹار ہوٹل میں ایک رات قیام کا خرچ 20 تا 30ہزار روپئے ہے ۔واضح رہے کہ کرکٹ ورلڈ کپ مقابلوں کا 30 مئی کو آغاز ہوگا۔ ویراٹ کوہلی کی زیرقیادت ہندوستانی کرکٹ ٹیم مہم کی شروعات جنوبی افریقہ کے خلاف 5 جون کو کرے گی۔ تاریخی فائنل مقابلہ 14جولائی کو لارڈس پر کھیلا جائے گا۔