پٹنہ۔ ہولی رنگوں کا تہوار ہے اور اسے بدی پر نیکی کی فتح کے طور پر منایا جاتا ہے لیکن کچھ لوگ ایسے بھی ہیں جوکہ ہولی کے جشن کے دورا ن اپنی دشمنی نکالتے ہیں ایسا ہی ایک واقعہ رونما ہوا ہے جس میں ایک شخص پر تیزاب ڈال دیا جس سے اس کی موت ہوگئی ۔ ہندوستان بھر میں ہولی کے جشن کے درمیان بہار کے نالندہ ضلع میں بدمعاشوں کے ایک گروپ نے ایک شخص پر تیزاب پھینک دیا۔
پولیس کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ متاثرہ کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ نالندہ ضلع کے ہلسا رینج کے سب ڈویژنل پولیس آفیسر (ایس ڈی پی او) کرشنا مراری پرساد نے اس واقعہ کے متعلق تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ یہ واقعہ جمعہ کی شام 5 بجے کے قریب ندھا گاؤں میں پیش آیا۔ متاثرہ کی شناخت کے لیے فی الحال تفتیش جاری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے۔ پولیس نے مزیدکہا ہے کہ واقعے کی وجہ کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا ہے، تاہم، ملزمان، جو ابھی تک مفرور ہیں، کی شناخت کر لی گئی ہے۔ واقعہ کی اطلاع مقامی پولیس کو ملی تو وہ فوراً موقع پر پہنچ گئے۔ تاہم گاؤں والوں کی ایک بڑی تعداد،جو وہاں جمع تھی، اس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے تیزاب ڈالنے والوں پر پتھراؤ شروع کیا۔
علاقے میں صورتحال انتہائی کشیدہ ہے۔ حکام نے بتایا کہ پولیس کی ایک بڑی ٹیم صورتحال کو قابو میں لانے کے لیے گاؤں میں ڈیرے ڈالے ہوئے ہے۔ ذرائع کے مطابق ملزمان کا تعلق ایک ہی گاؤں سے ہونے کی وجہ سے مقامی لوگوں نے ان کے گھروں پر حملہ کیا۔ پولیس نے ملزمان کے لواحقین کو ہتھیار ڈالنے پر مجبور کرنے کے لیے بھی سخت کارروائی کی ہے ۔اس واقعہ کے بعد گاؤں میں غم و غصہ کا ماحول ہے ۔