Wednesday, April 23, 2025
Homesliderیادداشت چلی جانے پر تلنگانہ کا ایک ورکر دبئی میں 16سال سے...

یادداشت چلی جانے پر تلنگانہ کا ایک ورکر دبئی میں 16سال سے پھنس گیا

- Advertisement -
- Advertisement -

حیدرآباد: یادداشت چلی جانے پر تلنگانہ کا ایک مزدور گذشتہ 16برسوں سے دبئی میں پھنسا ہوا ہے۔کاماریڈی ضلع کے دوماکونڈا منڈل کے چنتامن پلی گاوں سے تعلق رکھنے والا این ییلیا 2004میں ایک تعمیراتی کمپنی میں کام کے لئے  متحدہ عرب امارات گیا تھا۔وہ کچھ دنوں تک ٹھیک تھا۔تاہم کچھ عرصہ کے بعد اس نے کمپنی چھوڑ دی اور وہ گذشتہ 16برسوں سے دبئی اور شارجہ میں معمولی ملازمتیں کرتے ہوئے زندگی گذار رہا ہے۔کورونا وبا کی صورتحال کے پیش نظر جین سیوا مشن سے تعلق رکھنے والے ا ایک والنٹر روپیش مہتا کی نظرشارجہ علاقہ میں نقل مکانی کرنے والے مزدوروں میں راشن کی تقسیم کے موقع پر اس پر پڑی۔

مہتا نے دبئی میں ہندوستانی قونصل خانہ کے ذریعہ اس کا عارضی پاسپورٹ حاصل کرنے کی کوشش کی  تاہم عارضی پاسپورٹ اسی وقت جاری کیاجاتا ہے جب کوئی شخص اپنے پرانے پاسپورٹ کی تفصیلات فراہم کرتا ہے۔ییلیا کے پاس سوائے تصویری ووٹر آئی ڈی کے کچھ بھی نہیں ہے۔روپیش نے اس کے ارکان خاندان سے ربط پید کرنے کے لئے تلنگانہ کی پرواسی مترا لیبر یونین سے مدد کی خواہش کی۔انہوں نے ساتھ ہی اس کے شواہد بھی جمع کرنے کی خواہش کی۔پرواسی مترا تنظیم کے نمائندوں نے ییلیا کی بیوی کو حیدرآباد میں پاسپورٹ کے دفتر لایا جنہوں نے پاسپورٹ آفیسر کو ایک عرضی پیش کی۔

ییلیا کی بیوی نے اپنی عرضی میں اس کے شوہر کے2004سے پہلے حیدرآباد میں جاری پاسپورٹ کے ڈاٹا بیس اوردیگر تفصیلات کا پتہ چلانے کی خواہش کی۔اس موقع پر ییلیا کی بیوی راجوا نے کہا کہ جب اس کا شوہر ییلیا 16سال پہلے دبئی گیا تھا تواس کی بیٹی صرف 6ماہ کی تھی۔ اس نے کہا کہ اس نے یومیہ اجرت پر کام کرتے ہوئے اپنی بیٹی کو بڑا کیا ہے۔اس کی بیٹی کی بھی شادی ہوگئی ہے اور اس کو ایک بیٹا ہے۔ییلیا  کی بیوی نے حکام سے خواہش کی کہ اس کے شوہر کو جلد از جلد ہندوستان واپس لایاجائے۔