دبئی ۔متحدہ عرب امارات کے نائب صدر شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے کہا ہے کہ امارات میں سیاحتی ویزوں کا نظام تبدیل کر دیا گیا ہے اور ایسے ویزے کی میعاد 5 برس کر دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق شیخ محمد بن راشد آل مکتوم جو دبئی کے حکمران بھی ہیں انہوں نے کہا کہ یہ ویزا تمام ممالک کے شہریوں کو دیا جائے گا اور کثیر المقاصد ہوگا۔شیخ محمد بن راشد کے بموجب سیاحتی قانون میں تبدیلی کا مقصد سالانہ 21 ملین سے زیادہ سیاح لانا ہے۔ اس کی بدولت کو بین الاقوامی سیاحتی مرکز کی حیثیت سے متحدہ عرب امارات کی پہچان مضبوط ہوگی۔
البیان ویب سائٹ کے مطابق شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے کہا کہ 2019ء ہر سطح پر کارناموں کا سال رہا۔ اب ہم 50 ویں برس کے لیے مثبت انداز میں تیاریاں کریں گے۔شیخ محمد بن راشد نے واضح کیا کہ ہم چاہتے ہیں کہ 2020 بڑے ممالک کے ساتھ مقابلہ، ترقی اور بہتری کا سال ثابت ہو۔ ہمارے پروگراموں کا ہدف ملک کا کوئی ایک طبقہ نہ ہو بلکہ ہم بڑوں، چھوٹوں، باعزم شہریوں، غیر ملکیوں، طلباء ، سرمایہ کاروں اور تاجروں سب کے لیے کچھ نہ کچھ اچھا کرنا اور دیکھنا چاہتے ہیں۔
شیخ محمد بن راشد نے کہا ہےکہ اماراتی کونسل نے ملٹی پل سیاحتی ویزے کی منظوری دے دی ہے۔ یہ تمام ممالک کے شہریوں کے لیے ہوگا جس کی میعاد 5 سال ہوگی اس کی بدولت امارات میں ہر ملک و قوم کے لیے سیاحتی قوانین بہتر ہوں گے اور پوری دنیا میں عالمی سیاحتی مرکز کے طور پر امارات کی پہچان مضبوط بنے گی۔اماراتی کونسل نے میکسیکو کے شہریوں کو ویزے سے استثنیٰ دے دیا۔ میکسیکو کے شہری ویزالیے بغیر امارات آجاسکیں گے۔