گوہاٹی: اتوار کو پورا ملک 71واں یوم جمہوریہ منا رہا ہے،اس موقع پر آسام میں چاربم دھماکے ہوئے۔اطلاع کے مطابق،دو دھماکے ڈبرو گڑھ میں،ایک سوناری اور ایک دولیا جن میں پولکیس اسٹیشن کے قریب میں ہوئے۔ان دھماکوں میں کسی کے زخمی ہونے کی خبر نہیں ہے۔
فی الحال کسی بھی تنظیم نے ان دھماکوں کی ذمہ داری نہیں لی ہے۔ڈبرو گڑھ میں ایک دھماکہ گراہم بازار میں ہوا اور دوسرا دھماکہ اے ٹی روڈ پر ایک گرادوارے کے پیچھے ہوا۔دونوں علاقے ڈبرو گڑھ پولیس اسٹیشن کے تحت آتے ہیں۔
پولیس کے مطابق،ایک دیگر دھماکہ دولیا جن تیل شہر میں ہوا اور وہاں سے فی الحال مزید تفصیلا ت نہیں ملی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ایک دھماکہ چرائیو دیو ضلع کے سوناری پولیس اسٹیشن کے تحت آنے والے تنیوک گھاٹ میں بھی ہوا۔پولیس بتایا کہ پولیس افسران دھماکہ کی جگہوں پر پہنچ چکے ہیں اور تفتیش کر رہے ہیں۔
ریاست کے وزیر اعلیٰ سر وانند سونو وال نے اس واقعہ کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ قصور واروں کی شناخت کرکے جلد ہی انہیں گرفتار کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ”ایک خاص دن پر دہشت گردی پیدا کرنے کی یہ بز دلانہ کو شش ہے“۔
اس واقعہ کے پیچھے یونائیٹیڈ لبریشن فرنٹ آف آسام (الفا) کا ہاتھ ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے،کیونکہ الفا نے یوم جمہوریہ کی تقریب کا بائیکاٹ کرنے کا اعلان کیا ہے،اور ہفتہ کی رات 12بجے سے اتوار کی شام چھ بجے تک ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔انہوں نے یوم جمہوریہ تقریب میں شرکت نہ کرنے کی شہریوں کو ہدایت کی تھی۔